پیرس: فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے جمعرات کو پیرس میں غزہ کیلئے ایک امدادی کانفرنس میں افتتاحی ریمارکس میں اس بات پر زور دیا کہ ’’تمام زندگیوں کی اہمیت یکساں ہے۔ امریکہ اور کئی عرب ریاستوں سمیت 50 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔فرانسیسی صدر کے دفتر نے کہا کہ اسرائیلی حکام کو اس کانفرنس میں مدعو نہیں کیا گیا تھا لیکن انہیں اس کے بارے میں پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔میکرون نے حماس کے خلاف اسرائیل کی جوابی کارروائی میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وقفہ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر کے مطابق غزہ میں جاری جنگ میں تقریباً 1.5 ملین فلسطینی، یعنی اس علاقہ کی آبادی کا تقریباً 70 فیصد ،اسرائیلی فضائی اور زمینی حملوں کی وجہ سے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔اسرائیلی کارروائی عسکریت پسند تنظیم حماس کے7اکتوبر کے جنوبی اسرائیلی علاقوں پر تباہ کن حملے کے بعد شروع کی گئی تھی۔ تل ابیب کے مطابق اس حملے میں 1400 لوگ ہلاک ہوئے تھے۔حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی فضائی حملوں میں 10000 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔