فرانس میں نئی خریدی گئی ہر پانچویں گاڑی الیکٹرک کار

   

پیرس : فرانس میں نئی موٹر گاڑیوں کی ملکی مارکیٹ میں الیکٹرک کاروں کا تناسب مسلسل زیادہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ برس وہاں نئی خریدی گئی کاروں میں سے تقریبآ ہر پانچویں گاڑی ایک الیکٹرک کار تھی، جو قومی سطح پر ایک نیا ریکارڈ ہے۔ یورپی یونین کے رکن ملک فرانس میں موٹر گاڑیوں کی تجارت کے شعبہ کی ملکی تنظیم فرنچ آٹوموبائل فیڈریشن (پی ایف اے) کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں الیکٹرک کاریں خریدنے اور ان کے استعمال کا عوامی رجحان مسلسل بڑھتا جا رہا ہے، جو اس شعبہ کے اور زیادہ ماحول دوست ہوتے جانے کے حوالے سے ایک خوش آئند بات ہے۔ اس تنظیم نے بتایا کہ 2023ء میں پورے ملک میں جتنی بھی نئی گاڑیاں فروخت ہوئیں، ان میں سے 17 فیصد الیکٹرک کاریں تھیں۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ گزشتہ برس جرمنی کے اس ہمسایہ ملک میں خریدی جانے والی تقریبآ ہر پانچویں نئی کار مکمل طور پر ایک الیکٹرک کار تھی، نہ کہ ڈیزل یا پٹرول سے چلنے والی یا کوئی ہائبرڈ وہیکل۔ پچھلے برس فرانس میں پہلی مرتبہ رجسٹریشن کے بعد جو نئی گاڑیاں سڑکوں پر آئیں، ان میں سے نو فیصد ہائبرڈ وہیکلز تھیں۔ فرنچ آٹوموبائل فیڈریشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق الیکٹرک کاروں کی خریداری کا رجحان گزشتہ کئی برسوں سے جاری ہے لیکن اب ایسی گاڑیوں کی خریداری کا تناسب اور زیادہ ہوتا جا رہا ہے۔