فرانس میں کامران اور ذاکر کا ٹیبل ساکر میں اچھا مظاہرہ

   

ہونہار بروا کے چکنے چکنے پات…
انڈیا کو چوتھی پوزیشن ۔ حیدرآبادی کھلاڑیوں کا اسپانسرشپ کے ذریعہ حوصلہ بڑھانے کی ضرورت۔ کوچ ابرار کا رول بھی قابل ستائش

حیدرآباد ، 31 جولائی (پریس نوٹ) ہونہار بروا کے چکنے چکنے پات … یہ ضرب المثل نوجوان اسپورٹس پلیئرز محمد کامران عظیم اور ذاکر علی خان کیلئے موزوں معلوم ہوتی ہے۔ یہ نوجوان اُس ٹیم کا حصہ رہے جس نے ITSF کے زیراہتمام فرانس میں حالیہ انڈر 19 ورلڈ ٹیبل ساکر2022 میں حصہ لے کر انڈیا کو چوتھی پوزیشن دلائی۔ میزبان فرانس نے ورلڈ کپ جیتا۔ ہندوستان کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والوں کے ساتھ حیدرآبادی کھلاڑیوں کے بشمول 11 رکنی ٹیم نے ہندوستان کی نمائندگی کی۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کامران اور ذاکر نے اپنے شہر، اپنی ریاست تلنگانہ کا بھی نام روشن کیا ہے۔ براعظم یورپ میں کھیلتے ہوئے انڈیا نے اٹلی، بلجیم اور جاپان کو ہرایا۔ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچ سید ابرار حسین کا بھی اہم رول رہا۔ ٹیم کو درکار سہولتوں کے بارے میں کوچ نے وطن واپسی پر بتایا کہ کھلاڑیوں اور انڈین ٹیم کو مناسب اسپانسرشپ کی ضرورت ہے۔ انھیں یقین ہے کہ آئندہ ورلڈ کپ میں انڈین ٹیم میڈل جیتے گی۔ کھلاڑیوں نے بھی میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وہ مستقبل کے تعلق سے پُرجوش ہیں۔ بالخصوص محمد عظیم کے فرزند کامران کا ینگ کریئر ہر اُبھرتے نوجوان کیلئے مثالی ہے۔ سینٹ جوزف جونیر کالج میں انٹرمیڈیٹ سال دوم کے طالب علم کامران اسکولی تعلیم کے دور سے اسپورٹس سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے اور معمول کی تعلیم بھی دلچسپی کے ساتھ جاری رکھی۔ کامران نے اندرون ملک کئی جگہ اسٹیٹ اور سنٹرل کامپٹیشن اور نیپال میں انٹرنیشنل لیول پر بھی کامیابی حاصل کررکھی ہے۔ جہاں تک ’فوزبال‘ کا تعلق ہے جسے ’ٹیبل فٹبال‘ یا ’ٹیبل ساکر‘ بھی کہتے ہیں، کامران تین سال سے اسپلنڈیڈ اسپورٹس اکیڈیمی کے اسٹوڈنٹ ہیں۔ اکیڈیمی کی جانب سے کامران اور ذاکر کو تہنیت پیش کی گئی ہے۔ ہندوستان میں
ابھی تک نسبتاً غیرمعروف Foosball کے بارے میں کچھ جانکاری پیش ہے۔ دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹبال سے تحریک حاصل کرتے ہوئے Foosball (فوزبال) نامی کھیل شروع کیا گیا جو کم از کم 1921ء سے یورپ اور امریکہ میں کھیلا جارہا ہے۔ یہ گیم سنگلز، ڈبلز یا چار، چار کھلاڑیوں کی ٹیم کے فارمٹ میں کھیلا جاتا ہے۔ اس کھیل میں ٹارگٹ یہ ہوتا ہے کہ گیند کو حریف کے گول میں ڈالا جائے جس کیلئے نمبرات والے راڈز (سلاخیں) سے جسمانی اور دماغی چستی پھرتی اور صلاحیت کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔ جرمن لفظ Fussball امریکہ میں Foosball ہوگیا، جس کی سرپرستی بین الاقومی سطح پر انٹرنیشنل ٹیبل ساکر فیڈریشن (ITSF) کرتا ہے۔