لیون: فرانس میں گستاخانہ کارٹونس کے خلاف احتجاج اور حملوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ فرانس کے لیون شہر میں چرچ کے پاس ایک پادری کو گولی مارکر حملہ آور فرار ہوگیا۔ پادری کی عمر 52 سال کے قریب بتائی گئی ہے۔ فرانس میں یہ 72 گھنٹے کے اندر دوسرا حملہ ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق، گریف روایتی چرچ کے پادری کو ہفتہ کے روز بہت قریب سے پیٹ میں گولی ماری گئی ہے۔ پادری کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں وہ زندگی اور موت سے جدوجہد کررہا ہے۔ حملہ آور کو پکڑنے کیلئے پولیس سرچ آپریشن جاری ہے۔ یہ اطلاع فرانس پولیس نے دی۔پولیس کے مطابق، حملہ آوروں نے کالا لمبا کوٹ پہنا ہوا تھا اور شاٹ گن کو اپنی کوٹ کے اندر چھپا کر رکھا تھا۔ لیون شہر میں چرچ کے آس پاس کے باشندوں نے بتایا کہ پادری کو دو گولی ماری گئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے دیکھا کہ ایک آدمی اچانک سے بھاگنے لگا اور پھر انہوں نے ایک پادری کو زخمی حالت میں چرچ کے دروازے پر خون سے لت پتھ دیکھا۔