ریوڈی جنیرو ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) برازیل حکومت کے ایک وزیر نے فرانس کے صدر ایمانیول میکرون کی اہلیہ (خاتون اول) کو بدصورت کہا ہے جبکہ کچھ روز قبل ہی ملک کے صدر جیئر بولسونارو نے بھی خاتون اول بریجیٹ میکرون کو ایک غیردلکش خاتون قرار دیا تھا۔ برازیل کے وزیر معاشیات پاؤلوگیڈس نے جمعرات کے روز ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ جہاں تک خاتون اول بریجیٹ میکرون کی خوبصورتی کا سوال ہے تو وہ صدر بولسونارو سے پوری طرح متفق ہیں کہ ان میں (خاتون اول) کوئی کشش نہیں ہے۔ ایک اکنامک فورم میں شرکت کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ صدر نے کہہ دیا وہ بالکل صحیح ہے کہ بریجیٹ میکرون کو پُرکشش خاتون نہیں کہا جاسکتا۔ بعدازاں مسٹر گیڈس نے ایک عوامی ایونٹ میں بریجیٹ میکرون کے خدوخال کا تذکرہ کرنے پر معذرت خواہی بھی کی ہے، یہ بات ان کے ایک قریبی معاون نے بتائی۔ بولسونارو نے کہا تھا کہ میکرون کی اہلیہ سے زیادہ خوبصورت خود ان کی اہلیہ مشیل بولسونارو ہیں۔
