فرانس کی روس کو یوکرین کیساتھ جنگ بندی نہ کرنے پر دھمکی

   

پیرس، 14 مئی (یو این آئی) یورپی ممالک کے بعد فرانس نے روس کو یوکرین کے ساتھ جنگ بندی پر رضامند نہ ہونے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ٹی ایف ون کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگر جنگ بندی نہ کی گئی تو روس کو نئی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ایمانوئل میکرون نے کہا کہ اگر روس جنگ بندی پر راضی نہیں ہوا تو آنے والے دنوں میں اس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے حق میں ہیں، ہم اس سلسلے میں جائزہ لے رہے ہیں۔فرانس کے ممکنہ اہداف روس کی مالیاتی خدمات، تیل و گیس ہو سکتے ہیں۔ایمانوئل میکرون کا مذکورہ بیان منگل کو جرمن چانسلر فریڈرک مرز کے بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر روسی صدر پیوٹن جنگ بندی پر راضی نہیں ہوتے ہیں تو یورپی اتحادی روس پر پابندیوں میں نمایاں سختی کریں گے ۔فریڈرک مرز نے ممکنہ اہداف کے طور پر توانائی اور مالیاتی منڈیوں سمیت شعبوں کا حوالہ دیا تھا۔فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نول باروٹ نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ یورپی کمیشن سے کہا گیا ہے کہ وہ نئی پابندیوں کی تجویز پیش کرے ۔برطانیہ، فرانس، جرمنی اور پولینڈ کے رہنماؤں نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ اگر روس نے 30 روزہ جنگ بندی کے مطالبات پر عمل نہیں کیا تو اسے سزا کے طور پر نئے اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔