فرانسیسی وزیراعظم برطرف

   

پیرس، 9 ستمبر (یو این آئی ) فرانس کی پارلیمنٹ نے وزیراعظم فرانسوا بیرو کی حکومت کو صرف نو ماہ بعد اعتماد کا ووٹ دینے سے انکار کر دیا، جس کے بعد انہیں عہدے سے برطرف کر دیا گیا۔ ڈان میں شائع خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فرانس کی پارلیمنٹ نے وزیراعظم فرانسوا بیرو کی حکومت کو صرف نو ماہ بعد برطرف کر دیا، جس کے بعد صدر ایمانوئل میکرون نئے جانشین کی تلاش کے چیلنج سے دوچار ہیں اور ملک ایک نئے سیاسی بحران میں داخل ہوگیا ہے ۔
فرانسوا بیرو صرف نو ماہ سے اس عہدے پر فائز تھے ، انہوں نے اپنے اتحادیوں کو بھی حیران کر دیا جب انہوں نے اپنے سخت گیر بجٹ پر طویل تعطل ختم کرنے کے لیے اعتماد کا ووٹ طلب کیا، اس بجٹ میں فرانس کے قرضوں کو کم کرنے کے لیے تقریباً 44 ارب یورو (52 ارب ڈالر) کی بچت کی تجویز دی گئی تھی۔ بیرو جدید فرانس کی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں عدم اعتماد کے بجائے اعتماد کے ووٹ کے بعد برطرف کیا گیا۔