فرخ آباد 8 اگست (یواین آئی) اتر پردیش کے فرخ آباد ضلع میں جمعہ کو گنگا ندی خطرے کے نشان پر پہنچ گئی جس کی وجہ سے 36 گاؤں سیلاب کی زد میں آ گئے ۔ ضلع کے پنچال گھاٹ لوہیا پل پر آج صبح 8 بجے گنگا ندی کی پانی کی سطح خطرے کے نشان پر 137.10 سینٹی میٹر تک پہنچ گئی۔ ضلع میں گنگا ندی کی معاون ندی رام گنگا خطرے کے نشان سے تقریباً دو میٹر نیچے بہہ رہی ہے ۔ ضلع قائم گنج امرت پور فرخ آباد صدر تحصیل کے تقریباً 36 دیہات میں سیلاب کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگوں نے گھروں سے نکلنا بند کر دیا اور مویشیوں کے لیے چارے کی قلت پیدا ہو گئی۔ امرت پور تحصیلدار کے مطابق 17 گاؤں سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں۔ متاثرین کی نقل و حرکت کے لیے 22 کشتیاں تعینات کی گئی ہیں۔ متاثرہ دیہاتوں میں آسارام کی مادیا، تیس رام کی مایا، کنچن پور سبل پور اور دو دیگر گاؤں بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
فرخ آباد تحصیلدار نے بتایا کہ تحصیل صدر کے چار گاؤں سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ قائم گنج تحصیل کے تقریباً 14 گاؤں سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔