مسلم طالبہ کے شاندار تعلیمی مظاہرہ پر سابق وزیر خوش ، دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی
حیدرآباد : 6 اکٹوبر ( سیاست نیوز) عزم اور حوصلہ پختہ ہو تو منزل تک پہنچنا آسان ہوجاتا ہے ۔ طالبہ فردوس اس کی زندہ مثال ہے ۔ انہوں نے نہ صرف اپنے دیرینہ خواب کو پورا کیا ہے بلکہ سابق وزیر ہریش راؤ سے کیا گیا وعدے کو پورا کرتے ہوئے ایم بی بی ایس کی طبی تعلیم میںنشست حاصل کی ہے ۔ کامیابی کا تعلق حالات سے نہیں حوصلے سے ہوتا ہے ، طالبہ فردوس نے یہ ثابت کردیا ہے ۔اگر ارادہ مضبوط ہو تو کوئی خواب ناممکن نہیں ہے ،تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو انسان کی تقدیر بدل سکتی ہے ، چاہے وہ کسی بھی طبقے ، پس منظر یا علاقے سے تعلق رکھتے ہیں ۔ سال 2021 کے دوران ضلع سنگاریڈی کے ظہیرآباد منڈل بھوچن پلی میں اُس وقت کے ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے (TMREIS) کا افتتاح کیا تھا ۔ اُس وقت انہوں نے طالبہ فردوس سے سوال کیا تھا کہ آپ مستقبل میں کیا بننا چاہتی ہے ؟ فردوس نے بلاجھجھک ڈاکٹر بننے کی خواہش ظاہر کی تھی اور محنت لگن اور جستجو سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے ایم بی بی ایس میں نشست حاصل کی ہے ۔ اس کامیابی کے بعد فردوس نے بی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ سے ملاقات کی جس پر ہریش راؤ بہت زیادہ خوش ہوئے اور فردوس کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور انہیں گلدستہ پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا میں ایک پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی حکومت میں قائم کردہ ریسیڈنشیل تعلیمی ادارو ں نے نہ صرف غریب اور متوسط طبقے کے طلبہ کے خوابوں کو پورا کیا بلکہ سماج میں تعلیم کے تئیں شعور بھی بیدار کیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ فردوس کی یہ کامیابی اس بات کی علامت ہے کہ کے سی آر کے ویژن اور گروکل نظام تعلیم نے اقلیتی و پسماندہ طبقات کے طلبہ میں تعلیمی بیداری اور خود اعتمادی کو فروغ دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صرف فردوس ہی نہیں اسمبلی حلقہ ظہیرآباد میں اُسی میناریٹی گروکل کے 8 طلبہ ساتھ ہی الگول میناریٹی ریسیڈنشیل کے 7 طلبہ نے ایم بی بی ایس میں نشست حاصل کی ہے ۔ اس کے علاوہ دیگر گروکل کے طلبہ نے ایم بی بی ایس میں نشستیں حاصل کی ہیں جو ریاست میں گروکل تعلیمی معیار کی مضبوطی کی دلیل ہے ۔ محنت ، نظم و ضبط اور اعتماد کے ذریعہ طلبہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کررہے ہیں ۔ 2