فرضی ٹریفک چالان اسکام سے چوکسی کی اپیل

   

ایس ایم ایس کے ذریعہ چالان ادا نہ کریں: کمشنر پولیس

حیدرآباد ۔20 ۔ جنوری (سیاست نیوز) فرضی ٹریفک چالانات اسکام سے ہوشیار رہنے حیدرآباد سٹی پولیس نے پھر ایک مرتبہ شہریان سے اپیل کی ہے ۔ پولیس کمشنر وی سی سجنار نے اپنے خصوصی پیام میں یہ بتایا کہ متعدد سائبر کرائم سے بچنے کے لئے عوام میںمسلسل شعور بیدار کیا جارہا ہے لیکن سائبر دھوکہ بازوں کی جانب سے آئے دن نئے حربے اپنائے جارہے ہیں اور عوام اس کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے تازہ ترین فرضی ٹریفک چالان اسکام سے بچنے کیلئے عوام سے اپیل کی ہے اور اس سلسلہ میں بتایا کہ اس قسم کے چالانات کا عوام بڑی تعداد میں شکار ہورہے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ مالویر سے متاثرہ ایس ایم ایس کو عوام کے موبائیل فونس پر بھیجا جارہا ہے اور ٹریفک چالان ہونے پر عوام اس پر کلک کر ر ہے ہیں اور سائبر دھوکہ بازی کا شکار ہور ہے ہیں۔ پولیس کمشنر سجنار نے ایک بیان میں کہا کہ فرضی ٹریفک چالان کے لنک پر کلک کرنے کے بعد دھوکہ بازوں کی ویب سائیٹ پر ری ڈائرکٹ کیا جارہا ہے جس کے ذریعہ عوام اپنے بینک کھاتے کی تفصیلات دے رہے ہیں جس کے نتیجہ میں بینک کھاتہ سے رقومات اڑالئے جارہے ہیں۔ عوام سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ سرکاری ویب سائیٹ ہمیشہ gov.in یا org. سے ختم ہوتی ہے اور کوئی بھی شخص ایس ایم ایس لنک کے ذریعہ چالانات کی ادائیگی نہ کرے اور صرف پولیس کے ای چالان ویب سائیٹ کے ذریعہ اپنے چالانات ادا کریں۔ب