ظلم کیخلاف آواز اٹھانے والوں کو متحد کرنا ضروری، دعوت دین سے پہلو تہی گناہ کے مترادف، ورنگل جماعت اسلامی کا اجتماع، حامد محمد خاں کا خطاب
ورنگل ۔جماعت اسلامی ہند ورنگل کے زیر اہتمام آبنوس فنکشن ہال ایل بی نگر میں نشست برائے معززین شہر کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔مہمان خصوصی کی حیثیت سے امیر حلقہ تلنگانہ جناب حامد محمد خان نے شرکت کی ۔پروگرام کا آغاز ڈاکٹر عظیم خان کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔محمد حبیب الرحمن صفوان نے پروگرام کی کاروائی چلائی ۔سید عمر فاروق نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔اس موقع پرجناب حامد محمد خان امیر حلقہ تلنگانہ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہرمسجد میں شرعی پنچایت ہوتی تھیں لیکن اب نہیں ہیں ۔صباحی مدارس ختم ہوگئے ہیں ۔ خاندانوں میں زوال آگیا ہے ۔تعلقات اورمحبت میں کمی ہوگئی ہے ۔اسی طرح مسلکی اختلافات زور پکڑ رہی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ مسلک ایک طریقہ ہے عمل کرنے کا ۔اصل چیز دین ہے ۔انہوںنے مستبقل کے امکانات بتاتے ہوئے کہاکہ دعوتی امکانات کا موقع ہے فرقہ پرست عناصر اسلام کے خلاف زہر اگلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے لیکن لاکھوں غیر مسلم افراد ایسے ہیں جن کے دل صاف ہیں ۔یہ لوگ مسلمانوں پر ہونے والے ظلم پر آواز اٹھاتے ہیں لیکن یہ لوگ منتشر ہیں ان کو متحد کرنا مسلمانوں کی ذمہ داری ہے ۔انہوںنے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ مسجد کے اندر اور مسجد کے باہر والی زندگی سے اجتنا ب کرتے ہوئے پورے کے پورے دین میں داخل ہوجائیں ۔دین کو مسجد کے حد تک ہی محدود نہ رکھیں ۔انہوںنے کہاکہ مسلمانوں میں کردار کی کمی ہے ۔انہوں نے کردار کی اصلاح کرنے پر زور دیا ۔انہوںنے کہاکہ فرقہ پرست عناصر کے ایجنڈے میں یہ بھی شامل ہے کہ مسلمانوںکو نفسیاتی خوف میں مبتلا کیا جائے ۔مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اتحاد بین المسلمین پیدا کریں ۔اختلافات کے باوجود اتحاد سے رہنے کا ہنر سیکھیں ۔انصاف کے علمبردار بنیں ،ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں ۔انسانوں کو دین کی طرف بلائیں ۔انہوںنے کہا کہ دعوت دین کا کام کرنا مسلمانوںکی پیدائشی ذمہ ادری ہے اس سے پہلو تہی گناہ کے مترادف ہے ۔اس موقع پر رکن اسمبلی ورنگل این نریندر نے کہاکہ جماعت اسلامی کی فلاحی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ریاستی حکومت تمام طبقات کی ترقی کے لئے اقدامات کررہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ 2کروڑ 35لاکھ سے ایل بی نگر میں شادی کی عنقریب تعمیر عمل میں لائی جائے گی جس کا ٹنڈر ہوچکا ہے ۔دیشائی پیٹ میں واقع زیر التواء عمارت کے تعمیری کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔۔انہوںنے کہاکہ ورنگل میں ایک پر امن شہر ہے یہاں تمام طبقات کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ دیگر ریاستوں کے انتخابات کے نتائج کا تلنگانہ میں کوئی اثر نہیں ہوگا۔محمد خالد سعید امیر مقامی جنگائوں نے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر امیر مقامی عبدالستار ،عرفان مجاہد ،محمد وہاج الحق ،سید اظہر ،سید دستگیر ،تحسین بابر ،معشوق علی، سید شجاعت اللہ حسینی بیابانی اور دیگر ذمہ داران کے علاوہ کارپوریٹرس فرقان ،سریش جوشی اور شرکاء کی کثیر تعداد موجود تھی ۔