آٹھ سالہ دور میں عوام کی مشکلات میں اضافہ، سی پی آئی سٹی سکریٹری ای ٹی نرسمہا کا الزام
حیدرآباد 30 مئی (سیاست نیوز) سی پی آئی کے سٹی سکریٹری ای ٹی نرسمہا نے الزام عائد کیاکہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے گزشتہ 8 برسوں میں ملک کے اثاثہ جات کارپوریٹ شعبہ کے حوالے کردیئے ہیں۔ حکومت کے 8 سال کی تکمیل پر بی جے پی کی جانب سے مختلف تقاریب کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے ای ٹی نرسمہا نے کہاکہ مرکزی حکومت نے فرقہ وارانہ سیاست اور ملک کے اثاثہ جات کی فروخت کے علاوہ کوئی کارنامہ انجام نہیں دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دستوری اور جمہوری اداروں کے خلاف مودی حکومت کے طرز عمل کے نتیجہ میں جمہوری نظام کمزور ہوسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی حکومت قوم پرستی کے نام پر ملک کو غیر مستحکم کرنے کے فیصلے کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مجلس جوکہ بی جے پی کی بی ٹیم کی طرح رول ادا کررہی ہے، اُس کے تعاون سے فرقہ وارانہ جذبات کو مشتعل کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ صحت، تعلیم، زراعت اور دیگر اہم شعبہ جات بحران کا شکار ہیں۔ ملک کی معیشت زوال سے دوچار ہے اور بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ 8 برسوں میں عوام کے اچھے دن تو نہیں آئے لیکن بی جے پی قائدین اور بی جے پی سے قربت رکھنے والے اداروں کو فائدہ ہوا ہے۔ ای ٹی نرسمہا نے کہاکہ حکومت اور بی جے پی کے پاس کارنامہ کے طور پر منانے کیلئے کچھ نہیں ہے۔ ر