فساد کے دوران مسلمانوں نے مندروں کا تحفظ کیا

   

چاندباغ کے رہنے والے راجندر کمار مشرا کا بیان ، بھائی چارگی پر اظہاراطمینان

نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی دہلی کے علاقوں میں فرقہ وارانہ تشدد کے دوران مقامی مسلمانوں نے یہاں کی تمام مندروں کا تحفظ کیا۔ مقامی افراد نے کہا کہ یہ فساد کرنے والے باہر سے آئے تھے اس علاقہ کے رہنے والے کوئی نہیں تھے لیکن مقامی مسلمانوں نے ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے یہاں کے مندروں کی حفاظت کی۔ شمال مشرقی دہلی میں چاند باغ علاقہ کے شہری راجندر کمار مشرا نے کہا کہ فسادی تشدد، آتشزنی اور لوٹ مار میں مصروف تھے۔ گذشتہ تین دن سے باہر سے آ کر لوگ یہاں پر فساد برپا کررہے تھے۔ میں یہاں پر گذشتہ 40 سال سے مقیم ہوں۔ مشرا نے کہا کہ آج جو کچھ ہوا ہے وہ ہماری کالونی میں اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔ یہ پورا فساد باہر کے لوگوں کی کارستانی ہے۔ اس طرح کی کارروائیوں پر ہم کو تشویش ہے۔ ایک اور شہری موہن سنگھ تومر نے کہا کہ تشدد کے دوران مقامی مسلمانوں نے اس علاقہ کی تین مندروں کو گھیر لیا اور انہیں فسادیوں سے محفوظ رکھا۔ فسادیوں کو آگے بڑھنے نہیں دیا جس کی وجہ سے آج ان مندروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ہمارے علاقہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ہم ہندو مسلمان سب مل جل کر رہتے ہیں۔