فضائی سفر کی مکمل بحالی 2024 تک ممکن نہیں: آیاٹا

,

   

Ferty9 Clinic

دبئی ۔ بین الاقوامی ایرٹرانسپورٹ اسوسی ایشن (آیاٹا) نے کہا ہے کہ فضائی پروازوں کی کورونا وائرس سے پہلے والی صورتحال 2024 تک بحال نہیں ہو سکے گی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ایر ٹرانسپورٹ اسوسی ایشن نے کہا ہے کہ وائرس کی وجہ سے لگائی گئی سفری پابندیوںکے باعث سال 2020 میں مسافروں کی تعداد میں 55 فیصد کمی متوقع ہے، جبکہ اپریل میں 46 فیصد کمی کی پیش قیاسی کی گئی تھی۔ آیاٹا کے ماہر معاشیات برائن پیئرس نے کہا ہے کہ توقع کے برعکس رواں سال کے دوسرے نصف میں بھی ایر لائنز کی بحالی سست رہے گی۔ جون کے مہینے میں ہوائی جہاز سے سفر کرنے والے مسافرین کی تعداد 86.5 فیصد کم تھی جبکہ مئی میں91 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ ماہر معاشیات نے کہا کہ برطانیہ کا اسپین سے آنے والے مسافروںکو قرنطینہ کرنے کے اچانک فیصلے نے غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے، جو فضائی کمپنیوں کی مکمل بحالی میں رکاوٹ کی ایک وجہ ہے۔آیاٹا کے بموجب امریکہ اور ترقی پذیر ممالک میں کورونا پر قابو پانے میں ناکامی کی وجہ سے بھی فضائی خدمات مکمل بحال ہونے کے امکانات متاثر ہوئے ہیں۔ عالمی فضائی سفر میں40 فیصد نمائندگی امریکہ اور ترقی پذیر ممالک سے مسافروں کی ہوتی ہے۔ ماہر معاشیات برائن پیئرس نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار کی غرض سے کیے جانے والا سفر بھی شایدکورونا سے پہلے والے حالات پر واپس نہ آ سکے۔ فضائی کمپنیوں کوکارگوکی آمدورفت پرزیادہ سے زیادہ انحصارکرنا پڑے گا تاکہ فضائی روٹس کو منافع بخش رکھا جا سکے۔برائن رائن پیئرس نے کہا کہ اکثر فضائی کمپنیاں اپنا زیادہ تر منافع پریمیم ادا کرنے والے مسافروں سے کماتی ہیں۔