فضائیہ کے دو طیارے زلزلہ سے متاثرہ ترکیہ پہنچ گئے

   

30 بستروں کی سہولت کا آرمی فیلڈ ہاسپٹل شامل ، وزیرخارجہ جے شنکر کا بیان

نئی دہلی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے چہارشنبہ کو کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کے دو طیارے زلزلہ سے متاثرہ ترکیہ کے اڈانا میں 30 بستروں کی طبی سہولت کیلئے آرمی فیلڈ ہاسپٹل کے ساتھ پہنچ گئے ہیں۔ جے شنکر نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کا دوسرا C-17گلوب ماسٹر III ہیوی لفٹ طیارہ ترکی کے سانلورفا پہنچ گیا ہے ، جہاں 7.8 شدت کے زلزلے اور کئی آفٹر شاکس میں اب تک 4000 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جے شنکر نے ٹویٹ کیاکہ ہندوستانی فضائیہ کے دو طیارے جو 30 بستروں پر مشتمل اے ڈی جی پی آئی فیلڈ ہاسپٹل لے جا رہے ہیں، اب ترکی کے اڈانا پہنچ گئے ہیں۔ طبی ماہرین کی ہماری ٹیم جاری امدادی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالے گی۔ ہندوستانی فضائیہ کا طیارہ ہندوستانی فوج کی میڈیکل ٹیم کے 54 اراکین کو لے کر اڈانا پہنچا۔ ہندوستانی فوج نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ٹیم راحت و طبی امداد فراہم کرنے کیلئے پوری طرح سے لیس ہے۔ فوج کی انسانی امدادی ٹیم کے ارکان اپنے کام کو انجام دینے اور زلزلے سے متاثرہ ترکی کے لوگوں کی مدد کیلئے پرعزم ہیں۔ ہندوستان نے منگل کو امدادی سامان اور اہلکاروں کو لے جانے والے پانچ طیارے بشمول این ڈی آر ایف کے اہلکاروں اور ڈاکٹروں کو زلزلہ سے متاثرہ ترکی اور شام بھیجا۔ سب سے زیادہ متاثرہ ترکی کیلئے ہندوستان نے امدادی سامان اور ہندوستانی فضائیہ کے چار C-17 طیارے شام بھیجے ۔ جس میں اراکین اور 108 ٹن سے زائد وزن کے سازوسامان شامل ہیں۔ ’’این ڈی آر ایف کے تلاش اور بچاؤ یونٹ جس میں آلات، گاڑیاں اور 100 سے زیادہ اہلکاروں کے ساتھ ڈاگ اسکواڈ ہیں۔ ان یونٹس کے پاس تلاش کرنے ، رسائی حاصل کرنے اور نکالنے کیلئے خصوصی آلات ہیں اور وہ منہدم ڈھانچے کی تلاش اور بچاؤ (سی ایس ایس آر) آپریشنز انجام دینے کے قابل ہیں۔ سازوسامان میں ہاتھ اور بجلی کے اوزار، روشنی کا سامان، ایئر لفٹنگ بیگ، زنجیریں، زاویہ کٹر، روٹری ریسکیو آری، لائف ڈیٹیکٹر وغیرہ شامل ہیں۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاگ اسکواڈ ملبے اور منہدم ڈھانچے میں متاثرین کی تلاش میں مدد کریں گے ۔ فیلڈ آپریٹنگ حالات میں 30 بستروں پر مشتمل طبی سہولت قائم کرنے کیلئے آلات اور 99 اہلکاروں کو روانہ کر دیا گیا ہے ۔ اہلکاروں میں مختلف شعبوں کے طبی ماہرین شامل ہیں۔ طبی آلات میں ایکسرے مشینیں، وینٹی لیٹرز، آپریشن تھیٹر، گاڑیاں، ایمبولینس، جنریٹر وغیرہ شامل ہیں۔
شام کے متاثرہ علاقوں میں بھیجے جانے والے سامان میں چھ ٹن سے زیادہ امدادی سامان شامل ہیں جن میں تین ٹرک جنرل اور حفاظتی پوشاک، ہنگامی استعمال کی ادویات، ای سی جی مشینیں، مانیٹر اور دیگر ضروری طبی اشیاء بشمول سرنجیں اور آلات شامل ہیں۔