2 مارچ تا 9 جون عمل آوری ، محکمہ جات کے سکریٹریز کے ساتھ رام کرشنا راؤ کا اجلاس
حیدرآباد ۔27 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے اعلان کیا کہ مختلف فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کیلئے 2 مارچ تا 9 جون حکومت کی جانب سے 100 روزہ ایکشن پلان پر عمل کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری نے مختلف محکمہ جات کے اسپیشل چیف سکریٹریز ، پرنسپل سکریٹریز اور سکریٹریز کے ساتھ سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ 100 دن کے ایکشن پلان پر 28 فروری کو چیف منسٹر ریونت ریڈی محکمہ جات کے سکریٹریز اور یکم مارچ کو ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے۔ رام کرشنا راؤ نے تمام سرکاری محکمہ جات کو ہدایت دی کہ وہ 100 دن پر مشتمل ایکشن پلان پر عمل آوری کیلئے تیار رہیں۔ محکمہ جات رورل ڈیولپمنٹ ، بلدی نظم و نسق ، ہیلت ، ایجوکیشن ، ٹورازم ، انڈسٹریز ، بہبودی خواتین و اطفال ، ہاؤزنگ ، ریونیو ، الیکٹرسٹی اور لیبر کو ایکشن پلان پر عمل آوری کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ چیف منسٹر و ریاستی وزراء اس مدت کے دوران مختلف ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا آغاز کریں گے۔سرکاری عمارتوں کی تعمیر کا عمل جلد مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ فلاحی اسکیمات کے بارے میں شعور بیداری پروگرامس منعقد کریں ۔ نو منتخب سرپنچوں کے علاوہ میونسپل چیر پرسن کو دیہی علاقوں میں پانی کی سربراہی ، صحت و صفائی اور طبی سہولتوں کے بارے میں واقف کرایا جائے ۔ چیف سکریٹری نے تمام محکمہ جات میں ای آفس اسکیم پر عمل آوری کی ہدایت دی۔1