پرنسپل سکریٹریز کے ساتھ چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس، نظم و نسق میں ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے خصوصی کمیٹی
حیدرآباد۔ یکم؍ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی منصوبوں کو عوام تک پہنچانے کے لئے 99 روزہ پرجاپالنا پرگتی پرانالیکا پروگرام کا اعلان کیا ہے جو 6 مارچ تا 19 جون عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت عوام کے لئے سرکاری خدمات کو مزید آسان بنانے کی مساعی کررہی ہے تاکہ اسکیمات کے فوائد ہر مستحق خاندان تک پہنچ سکیں۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور مختلف محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز اور سکریٹریز کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں 99 دن کے ایکشن پلان سے واقف کرایا گیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ عوامی خدمات کو آن لائن فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کی زحمت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ برقی سربراہی، بلڈنگ پرمیشن اور پینے کے پانی کا کنکشن حاصل کرنا اور دیگر خدمات کو آن لائن فراہم کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ نظم و نسق میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر نے سینئر آئی پی ایس عہدیدار جیش رنجن کی قیادت میں خصوصی کمیٹی کا اعلان کیا جو نظم و نسق میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنائے گی۔ کمیٹی کو اندرون تین ہفتے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہر محکمہ کو عصری ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈیجیٹل گورننس کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکمہ جات کا ڈیٹا اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے زیر التواء فلاحی اسکیمات پر موثر انداز میں عمل آوری کی ہدایت دیتے ہوئے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنے طور پر نئی اسکیمات کی حکومت کو تجویز پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ راشن کارڈ، 500 روپے میں گیس سلینڈر، 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اور آروگیہ شری جیسی اسکیمات سے کوئی بھی مستحق خاندان محروم رہنے نہ پائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اندراماں ہاوزنگ اسکیم پر شہری علاقوں میں عمل آوری کے لئے منصوبہ بندی کی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نئے راشن کارڈس کے لئے درخواستوں کے حصول کا عمل جاری رہے گا۔ چیف منسٹر نے 99 روزہ ایکشن پلان کے لئے خصوصی لوگو تیار کرنے چیف سکریٹری کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ 99 روزہ پروگرام پر عمل آوری کی شخصی طور پر نگرانی کریں گے اور باقاعدگی کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے عہدیداروں کو پروگرام پر عمل آوری میں کسی بھی کوتاہی کے خلاف سخت انتباہ دیا۔ 1