چیف سکریٹری کی ضلع کلکٹرس سے ٹیلی کانفرنس، ہر 100 افراد کیلئے ایک کاؤنٹر قائم کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔28۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے ریاست بھر میں پرجا پالنا پروگرام کے انتظامات پر ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ ریاست بھر میں جملہ 16395 علاقوں میں پرجا سدسوکا اہتمام کرتے ہوئے 6 ضمانتوں سے متعلق درخواستیں قبول کی جارہی ہیں۔ 12769 گران پنچایتوں اور 3626 میونسپل وارڈس میں خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں اور عہدیداروں کی 3714 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکیمات کے سلسلہ میں درخواست فارمس تمام گرام پنچایتوں میں دستیاب کرنے کیلئے کلکٹرس کو اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام سابق اضلاع میں سینئر عہدیداروں کو بطور انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ گرام سبھا کا صبح 8 بجے آغاز ہوگا اور ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ ماتحت عہدیداروں کو پابند کریں۔ انہوں نے کہا کہ مرد اور خواتین کیلئے علحدہ قطار ہونی چاہئے۔ ہر 100 افراد کیلئے ایک کاؤنٹر قائم کیا جائے۔ مراکز پر عوام کو بنیادی سہولتوں کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے خواہش کی کہ مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں۔ ابھئے ہستم ، مہا لکشمی ، رعیتو بھروسہ ، گروہا جیوتی، اندراماں انڈیلو اور چیوتا اسکیمات کیلئے مستحقین سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ گرام سبھاؤں کے شیڈول سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ تاکہ 6 جنوری تک وہ سہولت سے استفادہ کرسکیں۔ ٹیلی کانفرنس میں پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور ، پرنسپل سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ ، کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس ، کمشنر بلدی نظم و نسق ہری چندن اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1