فلاحی اسکیمات کے فوائد غریب عوام تک پہنچانا عوامی نمائندوں کی ذمہ داری

   

2 جون تک مواضعات کے دورہ کا منصوبہ ، سی ایل پی اجلاس سے مہیش کمار گوڑ کا خطاب
حیدرآباد۔/15 اپریل، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی اجلاس میں حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کیلئے ارکان اسمبلی کو متحرک ہونے کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں تلنگانہ ملک کی ماڈل ریاست بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں غریب خاندانوں کو باریک چاول کی سربراہی کی اسکیم کا تلنگانہ میں آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس کو کانگریس حکومت کی فلاحی اسکیمات ہضم نہیں ہورہی ہیں اور وہ حکومت کے خلاف مہم میں مصروف ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے اسکیمات پر عمل آوری پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ اجلاس میں وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے باریک چاول سربراہی اسکیم کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ دھرانی پورٹل کی جگہ بھوبھارتی قانون کے ذریعہ کسانوں کی اراضیات کا تحفظ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باریک چاول اسکیم، بھوبھارتی، اندراماں ہاوزنگ اور ایس سی زمرہ بندی جیسے فیصلوں کے بارے میں ارکان اسمبلی و کونسل اور ارکان پارلیمنٹ کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 2 جون تک حکومت کی اسکیمات کے بارے میں عوام کو واقف کرانے کیلئے عوامی نمائندے مواضعات کا دورہ کریں گے۔ سی ایل پی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حکومت کی دیڑھ سالہ کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور بی جے پی اور بی آر ایس نے متحدہ طور پر حکومت کے خلاف مہم چھیڑ رکھی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ جس طرح حکومت اسکیمات پر عمل آوری کی مساعی کررہی ہے اُسی طرح عوامی نمائندوں کو بھی اسکیمات کے فوائد عوام تک پہنچانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی سطح پر عوامی نمائندوں اور حکومت کے ساتھ بہتر اشتراک کے اقدامات کئے جائیں گے۔1