وزیر مال سرینواس ریڈی کا کلکٹرس کے ساتھ اجلاس، بنیادی سطح پر مسائل کا جائزہ لینے کی ہدایت
حیدرآباد 3 مارچ (سیاست نیوز) وزیر مال سرینواس ریڈی نے مختلف اضلاع کے ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ بحیثیت کلکٹر حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیرقیادت عوامی حکومت نے فلاحی اسکیمات کے جو نشانے مقرر کئے ہیں اُن کی تکمیل ہر ضلع میں اوّلین ترجیح ہونی چاہئے۔ سرینواس ریڈی نے گدوال، کریم نگر، سرسلہ، وقارآباد، میدک، ہنمکنڈہ، کتہ گوڑم اور دیگر اضلاع کے کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ مذکورہ عہدیداروں کو گزشتہ دنوں ضلع کلکٹرس کے طور پر ذمہ داری دی گئی ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ گزشتہ 2 برسوں میں حکومت نے غیرمعمولی فلاحی اسکیمات پر عمل کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فلاحی اسکیمات کے فوائد سے کوئی بھی مستحق خاندان محروم نہ رہنے پائے۔ فلاح و بہبود اور ترقی پر یکساں طور پر عمل آوری کیلئے حکومت نے 99 دنوں کا ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ اُنھوں نے ضلع کلکٹرس سے کہاکہ وہ عوام سے بہتر رابطہ قائم کریں تاکہ اُن کے مسائل سے واقفیت حاصل ہو۔ حکومت کی اسکیمات کے علاوہ عوامی ضروریات کی تکمیل اوّلین ترجیح ہونی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ آئی اے ایس عہدیداروں کے لئے ضلع کلکٹر کے طور پر خدمات انجام دینا اہمیت کا حامل ہے جس کے تحت وہ عوامی مسائل سے بہتر طور پر واقف ہوسکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک کامیاب کلکٹر کسی بھی محکمہ کی ذمہ داری بہتر طور پر ادا کرسکتا ہے۔ اُنھوں نے کلکٹرس سے کہاکہ وہ شہری اور دیہی سطح پر وقتاً فوقتاً دورہ کرتے ہوئے مسائل سے واقفیت حاصل کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ عوامی وعدوں کی تکمیل میں کوئی کوتاہی قابل قبول نہیں رہے گی۔1