فلاحی و ترقیاتی اسکیمات میں تلنگانہ سرفہرست

   

Ferty9 Clinic

نامپلی میں ٹی آر ایس کی رکنیت سازی، وزیر داخلہ محمود علی کی تقریر
حیدرآباد۔10 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس کی رکنیت سازی کے بارے میں عوام میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ ٹی آر ایس تلنگانہ کی مضبوط پارٹی ہے جس نے عوامی خدمات کے ذریعہ اپنی شناخت بنائی ہے۔ محمود علی نے آج نامپلی اور گڈی ملکا پور کے علاقوں میں پا رٹی کی رکنیت سازی مہم میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ چیف منسٹر نے ہر اسمبلی حلقہ کے لئے 25,000 ارکان کی رکنیت سازی کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ یہ نشانہ پارٹی کے لئے کوئی مشکل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پر عوام کو مکمل اعتماد ہے۔ فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے ۔ کے سی آر تلنگانہ کے ہر شہری کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں ۔ محمود علی نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں ریاست کی غیر معمولی ترقی کی مثال کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ کے سی آر نے جن فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا گیا ، ان سے متاثر ہوکر دیگر ریاستوں نے اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے لئے کے سی آر نے تمام طبقات کے خصوصی اقامتی اسکولس کا ریاست بھر میں جال پھیلادیا ہے ۔ اسکولوں کے قیام کا مقصد قابل شہریوں کو تیار کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔ آندھرائی چیف منسٹرس ہمیشہ تلنگانہ کا مذاق اڑاتے رہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر علحدہ ریاست تشکیل دی جاتی ہے تو پانی ، برقی ، لاء اینڈ آرڈر اور خشک سالی کے مسائل پیدا ہوں گے لیکن کے سی آر نے پانچ سالہ حکمرانی میں ان دعوؤں کو غلط ثابت کردیا ۔ محمود علی نے کہا کہ 2001 ء سے پرانے شہر کے علاقوں میں ٹی آر ایس سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں مفلس اور ایماندار افراد کی ضرورت ہے جو عوام کی خدمت کرسکے ۔ انہوں نے حلقوں کے انچارجس کو مشورہ دیا کہ وہ متواتر پارٹی اجلاس منعقد کریں۔ اس موقع پر ایم ایل سی ایم ایس پربھاکر ، ٹی آر ایس قائدین آنند کمار ، کارپوریٹر بی پرکاش ، عبدالباسط موجود تھے ۔