فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ غیرقانونی :عالمی عدالت

,

   

فیصلہ سے ناراض اسرائیلیوں نے فلسطینی بستیاں جلادیں

دی ہیگ’ نیدر لینڈ: عالمی عدالت انصاف (انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس) نے مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس پر اسرائیل کے قبضے کو غیرقانونی قرار دیا۔ کورٹ نے اپنے فیصلے میں اسرائیل کو زمینیں خالی کرنے اور معاوضہ دینے کا مشورہ بھی دیا ہے۔عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے جمعہ کو اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا فلسطینی علاقوں پر کئی دہایوں سے ناجائز قبضہ ہے اور اسے جلد سے جلد ختم کیا جانا چاہیئے۔ اسرائیل نے 1967 میں عرب۔ اسرائیل جنگ میں عرب ممالک کو شکست دینے کے بعد مغربی کنارے، مشرقی بیت المقدس اور غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لیا تھا۔ آئی سی جے نے یہ تبصرہ صرف ان علاقوں کے لئے کیا ہے۔آئی سی جے نے کہا کہ اسرائیل نے اپنی طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے فلسطینیوں کے حقوق چھین لئے ہیں۔ وہ بین الاقوامی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ اسرائیل کو ان علاقوں پر اتنے سالوں تک حکومت کرنے کا معاوضہ فلسطینیوں کو دینا چاہئے۔ٹائمس آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق آئی سی جے کے فیصلہ کے بعد مغربی کنارے میں بسائے گئے اسرائیلیوں کا غصہ بھڑک گیا اور انہوں نے مغربی کنارے کے قریب فلسطینی گاؤں بورین کو آگ لگادی۔ وہیں اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے اس فیصلے کو خارج کرتے ہوئے اسے جھوٹھا فیصلہ قرار دیا۔آئی سی جے کے صدر نے فیصلہ پندرہ رکنی پینل کی طرف سے سنایا۔ انہوں نے عدالتی حکم سناتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو چاہئے وہ فلسطینیوں کو اس قبضہ کی وجہہ سے ہونے والے نقصانات کی ادائیگی کرے۔ نیز اقوام متحدہ ’ اس کی جنرل اسمبلی’ سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے رکن تمام ملکوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیلی قبضے کو تسلیم نہ کریں اور اس قبضہ کو برقرار رکھنے کیلئے اسرائیل کو کوئی مدد یا حمایت نہ دیں۔تاہم اس عدالت کی رائے کے مطابق بین الاقوامی قانون کے تحت پابندی لازمی نہیں ہے لیکن اس کے نتیجہ میں اسرائیلی ریاست کیلئے حمایت میں کمی ہوسکتی ہے۔سب سے بڑی بین الاقوامی عدالت اس معاملے کا 2022 ء سے جائزہ لے رہی تھی۔ اس دوران 52 ممالک نے اسرائیلی قبضے کے بارے میں اپنے ماہرین اور نمائندوں کے ذریعہ عدالت کے سامنے اپنا موقف پیش کیا ہے۔ جبکہ غزہ میں اسرائیلی جنگ اس کے بہت بعد میں 7 اکٹوبر 2023ء کو شروع ہوئی ہے۔عالمی عدالت کے فیصلہ پر فلسطینی سفیر ریاض منصور نے خوشی کا اظہار کیااور اظہار تشکر کیا۔