یروشلم ۔ فلسطینیوں نے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 3 نوجوانوں کی شہادت کے خلاف ہڑتال کردی۔ خبررساں اداروں کے مطابق مزاحمتی تنظیموں کی جانب سے نابلس، راملہ، جنین، طولکرم اور البیرہ میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس احتجاج کی طلبہ تنظیموں کی بھی بھرپور حمایت حاصل ہے اور وہ اپنی تعلیمی مصروفیات معطل کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر شہدا کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجتماعات میں شرکت کریں گی۔ یاد رہے کہ چند روز قبل نابلس میں شہید کیے گئے 3 فلسطینی نوجوانوں کی نمازِ جنازہ میں بڑی تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی تھی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بڑے پیمانے پر چھاپے مارتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس اور راملہ سے 6 فلسطینی باشندوں کو گرفتار کرلیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق 5نوجوانوں کو مقبوضہ بیت المقدس کے قصبہ حزما، جب کہ ایک کو راملہ کے قصبہ عابود سے حراست میں لیا گیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق سال بھر میں 8 ہزار فلسطینی قید کیے گئے۔