فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے ہندوستان کے 25 لاکھ ڈالر

   

رملہ ۔25 نومبر (ایجنسیز) ہندوستان نے مشرق قریب میں فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کی امدادی و فلاحی ایجنسی (انروا) کو 25 لاکھ امریکی ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔ یہ رقم فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے ایجنسی کے انسانی امدادی پروگراموں میں مدد کیلئے دی گئی ہے۔یہ عطیہ مالی سال 2026-27ء کیلئے انروا کو ہندوستان کی جانب سے دیے جانے والے 50 لاکھ ڈالر کے سالانہ وعدے کا حصہ ہے۔ اس رقم سے ایجنسی کے بنیادی پروگراموں کو تقویت ملے گی، جن میں فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے تعلیم، صحت اور راحت رسانی کی خدمات شامل ہیں۔فلسطین میں ہندوستان کی نمائندہ مہیما سکند نے پیر کو رملہ میں یہ رقم انروا کے سینئر فینانس اسسٹنٹ خالد ہندیہ کے حوالے کی۔اس موقع پر مہیما سکند نے کہا کہ حکومت ہند ایجنسی کی خدمات کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے فلسطینی پناہ گزینوں کو انسانی امداد اور ادویات کی فراہمی کیلئے ایجنسی کی کوششوں کی بھی تائید کی۔ رملہ میں ہندوستان کے نمائندہ دفتر کی جانب سے جاری کردہ صحافتی بیان کے مطابق خالد ہندیہ نے انروا کیلئے ہندوستان کی دیرینہ سیاسی اور مالی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے دنیا بھر سے عطیوں کیلئے مہم چلائی جاتی رہی ہے۔