فلسطینی گروپوں کا مصر میں جامع مصالحتی معاہدے پر اتفاق

   

غزہ پٹی: فلسطینی تنظیموں تحریک فتح اور ‘حماس’ کی قیادت نے مصر کی میزبانی میں ایک ابتدائی مصالحتی معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔العربیہ ٹی وی چینل کے نامہ نگار کے مطابق کل پیر کو حماس اور فتح کی قیادت نے مصری حکام کی موجودگی میں مصالحتی معاہدے پر اتفاق کیا۔ دونوں جماعتوں نے مصالحتی عمل کو آگے بڑھانے اور فلسطین کی دیگر تمام نمائندہ قوتوں کو اس میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حماس اور فتح نے قاہرہ میں طے پائے ابتدائی مصالحتی معاہدے کو تحریری شکل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قاہرہ میں طے پائے معاہدے کے بعد فلسطین میں جامع مفاہمتی عمل کی راہ ہموار ہو گی اور فلسطین میں انتخابات کے انعقاد کی طرف پیش رفت کی جاسکے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی دھڑوں کے درمیان جامع مصالحتی عمل کیلیے مصری حکومت نے بھرپورکوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ مصری حکومت حماس اور فتح کے درمیان طے پائے معاہدے کو تمام فلسطینی گروپوں کا معاہدہ قراردینے کے لیے کوشاں ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مصری حکومت نے حماس اور دوسرے فلسطینی گروپوں سے کہا ہے کہ وہ غزہ سے اسرائیل پر راکٹ باری کا سلسلہ بند کریں۔