سینکڑوں نوجوانوں کی شرکت، اسرائیلی مظالم کو روکنے عالمی طاقتوں سے اپیل
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز) جماعت اسلامی کی طلبہ تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) کی جانب سے آج تاریخی چارمینار کے دامن میں غزہ کی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ منظم کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے نسل کشی ، منظم تشدد اور فلسطینی عوام کو بھوک اور افلاس کا شکار بنانے کی مذمت کی گئی ۔ احتجاجیوں نے فوری جنگ بندی اور غذائی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ عالمی طاقتوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے تحت کارروائی کریں۔ احتجاجی مظاہرین پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ ایس آئی او کے ریاستی صدر محمد فراز احمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتیں خاص طور پر امریکہ کی پالیسیوں کے نتیجہ میں اسرائیل کے مظالم کو تقویت حاصل ہوئی ہے۔ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ فلسطین کے مسئلہ پر ایک واضح اور اصولی موقف اختیار کرے جو آزاد مملکتی فلسطین کی تاریخی حمایت میں رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے بشمول دنیا کے تمام ممالک کو اسرائیل سے تعلقات منقطع کرنا چاہئے ۔ عالمی رہنما غزہ میں غذائی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اسرائیلی مظالم کے خلاف عوام میں شعور بیداری کی ضرورت پر زور دیا اور عوام سے اپیل کی کہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی حمایت کریں۔ نماز جمعہ کے بعد اس احتجاجی مظاہرہ کے سبب پولیس نے سخت چوکسی اختیار کی تھی اور احتجاج کے بعد نوجوان پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔1