فلم اداکارہ خوشبو بی جے پی میں شامل

,

   

چینائی : فلم اداکارہ سے سیاستداں بننے والی خوشبو سندر نے جو کسی زمانے میں کانگریس کی ایک انتہائی معتبر قائد تصور کی جاتی تھیں، ٹاملناڈو انتخابات کے انعقاد سے چند ماہ قبل بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اپنے استعفیٰ نامہ میں اُنھوں نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ (خوشبو) کانگریس میں اپنا دم گھٹتا محسوس کررہی تھیں اور ایسے لوگوں کے ساتھ کام کرنا پڑرہا تھا جو زمینی حقائق سے ناواقف ہیں۔ 50 سالہ خوشبو سندر نے مزید کہاکہ کچھ لوگ کانگریس پارٹی میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں اور وہ لوگ زمینی حقائق سے ناواقف ہیں اور میرے جیسا کوئی ورکر اگر عوام کیلئے سنجیدگی سے کام کرنا چاہے تو اُسے نظرانداز کردیا جاتا ہے۔ میں نے کافی غور و خوض کے بعد کانگریس پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ خوشبو کے پارٹی چھوڑنے سے ٹاملناڈو میں کانگریس قطعی متاثر نہیں ہوگی۔ خوشبو نے 2014 ء میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن کانگریس کے اقتدار سے مسلسل باہر رہنے کی وجہ سے خوشبو کی سیاسی سرگرمیوں میں وہ چمک دمک نہیں رہی تھی جو ایک حکمراں پارٹی ورکر کی ہونی چاہئے۔ جنوبی ریاستوں میں بی جے پی کا کوئی قابل ذکر قائد نہیں ہے۔ اب ایسا محسوس ہورہا ہے کہ خوشبو کی شمولیت سے بی جے پی کو جنوبی ریاست میں ایک جانا پہچانا قائد مل گیا ہے۔