فلم اسٹار سشانت سنگھ راجپوت نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی

,

   

وزیر اعظم سمیت کئی قائدین اور فلم اسٹارس کا اظہار رنج، بالی ووڈ میں غم کی لہر

ممبئی ۔14جون (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے آج ممبئی میں اپنے گھر میں خودکشی کرلی ہے۔ بالی ووڈ کے چاہنے والوں کیلئے یہ انتہائی سنسنی خیز خبر تھی۔ وہ ابھی بالی ووڈ کے سب سے اچھے نوجوان اداکاروں میں شمار کئے جاتے تھے۔ ان کی عمر صرف 34 سال تھی ۔ چھوٹے اسکرین اور فلموں میں ان کی اداکاری کو بہت پسند کیا جارہا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق سشانت سنگھ نے باندرہ میں واقع اپنے گھر میں پھانسی لیکر خودکشی کی ۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ڈاکٹر منوج شرما نے اس کی تصدیق کی ۔ پولیس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے ۔ پولیس کو اس سلسلے میں کوئی سراغ نہیں ملا ہے ۔ ان کی نعش ان کے گھر میں پنکھے لٹکتی ہوئی پائی گئی ۔ اطلاع عام ہوتے ہی ان کے مداحوں اور بالی ووڈ میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ سشانت سنگھ کی آخری رسومات پیر کو ادا کی جائیں گی ۔ پٹنہ سے ان کے والد اور دیگر ارکان خاندان بھی پہونچ رہے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ سشانت سنگھ نومبر میں شادی کرنے والے تھے ۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ سے وہ ڈپریشن کا شکار تھے اور اس کا علاج بھی جاری تھا ۔وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر سیاسی قائدین کے علاوہ بالی ووڈ کے فنکاروں نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔