چنئی، 28 مئی (آئی اے این ایس)۔ فلم ساز اوم راؤت نے کہا ہے کہ اداکار دھنو ش، ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کا کردار ادا کرنے کے لیے بالکل موزوں انتخاب ہیں اور انہوں نے اداکار کا شکریہ ادا کیا ہے کہ وہ ان کی آنے والی فلم ’کلام: دی میزائل مین آف انڈیا‘ کا اہم حصہ بنے۔ فی الحال کانز فلم فیسٹیول 2025 میں موجود فلم ساز اوم راؤت نے اپنی اگلی فلم کا اعلان کیا، جو ہندوستان کے سب سے زیادہ محبوب صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام پر مبنی ایک عظیم سوانح فلم ہے۔ اس فلم کا عنوان کانزکے بڑے اسٹیج پر جاری کیا گیا، جہاں راؤت نے اس منتظر پروجیکٹ پر روشنی ڈالی اور مرکزی کردار میں دھنو ش کو منتخب کرنے کی وجہ بھی بیان کی۔ فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے راؤت نے کہا: ڈاکٹر کلام کی تعلیمات ہر نوجوان کے دل میں بسی ہوئی ہیں۔ میں نے کالج کے زمانے میں ان کی کتاب ‘وِنگز آف فائر پڑھی تھی اور میں کہہ سکتا ہوں کہ جو کچھ آج میں کر رہا ہوں اور جوکچھ میں بننا چاہتا ہوں، وہ سب کچھ اسی کتاب کی تعلیمات کا اثر ہے۔ اس کتاب نے میری زندگی کا نظریہ بدل دیا، اور یہی وجہ ہے کہ آج میں یہاں کھڑا ہوں۔انہوں نے مزید کہا:میں ہمیشہ سے ڈاکٹر کلام کی زندگی سے گہرائی سے متاثر رہا ہوں۔ جو کچھ میں نے ان کی زندگی سے سیکھا، وہ تین بنیادی اصولوں پر مبنی ہے: پہلا، تعلیم ۔ وہ ایک عظیم استاد تھے جنہوں نے معیاری تعلیم کو بے حد اہمیت دی۔ دوسرا، اختراع خاص طور پر ملک کے اندرونی وسائل سے۔ انہوں نے ہمیں اندرون ملک ترقی کرنے کی ترغیب دی۔ تیسرا، استقامت – مقصد سے وابستگی کی مضبوط قوتِ ارادی۔ میں ہمیشہ سے ان اصولوں پر مبنی ایک فلم بنانا چاہتا تھا۔ خدا کے کرم سے، پروڈیوسر ابھشیک اگروال نے اسی خیال کے ساتھ مجھ سے رابطہ کیا۔ جب انہوں نے پوچھا کہ کیا میں اس میں دلچسپی رکھتا ہوں، تو میں نے بتایا کہ میں پہلے سے ہی اسی موضوع پرکام کر رہا ہوں۔ وہ حیدرآباد سے ممبئی آئے، ہم نے تفصیل سے بات کی، اور آخر کار ٹی سیریز اور بھوشن کمار، جن کے ساتھ میں پہلے دو فلموں پر کام کر چکا ہوں، بھی اس منصوبے میں شامل ہو گئے۔ یہ ہماری تیسری مشترکہ فلم ہے، اور ہم پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔