نئی دہلی: ساؤتھ اسٹار رام چرن اورکیارا اڈوانی اسٹارر فلم گیم چینجر 10جنوری کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ شائقین اس فلم کیلئے کافی پرجوش ہیں۔ فلم کی ریلیز میں صرف چند دن رہ گئے ہیں جس کے لیے پوری ٹیم اس کی تشہیر میں مصروف ہے۔ حال ہی میں راجہ مہندرا ورم میں فلم کا ایک تشہیری پروگرام منعقد کیاگیا جو کافی کامیاب رہا۔ تاہم شو ختم ہونے کے بعد انتہائی افسوسناک خبر آئی۔گیم چینجر کی پری ریلیز تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں بہت سے لوگوں نے شرکت کی۔ یہ تقریب بہت ہی شاندار طریقے سے منعقد کی گئی تھی، اس میں پون کلیان نے بھی شرکت کی۔ تاہم تقریب میں شریک دو افراد جب گھر واپس آرہے تھے تو حادثے کا شکار ہو کر دونوں کی موت ہوگئی۔ دونوں کی شناخت 23 سالہ اراوا مانی کانتھا اور22 سالہ ٹوکاڈا چرن کے طور پر ہوئی ہے۔اس افسوس ناک خبر کے بعد فلم کے پروڈیوسر دل راجو نے فی کس 5 لاکھ روپئے کی مدد کا اعلان کیا ہے ۔