فلمساز و اداکار وجے بابو پر ریپ کا الزام

   

کوچی: جنوبی ہند کی ایک فلم اداکارہ نے فرائیڈے فلم ہاؤس کمپنی کے فلمساز اور اداکار وجے بابو پرریپ کرنے کا الزام لگایا ہے ۔اداکارہ نے اس بات کا انکشاف چہارشنبہ کو ایک فیس بک پوسٹ میں کیا۔اداکارہ نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ویمن اگینسٹ سیکسول ہراسمنٹ (جنسی ہراسانی کے خلاف خواتین) کے عنوان سے ایک پوسٹ میں کہا کہ وجے بابو نے 13 مارچ سے 14 اپریل تک ان کے ساتھ کئی بار ریپ کیا۔ انہوں نے کہا، ‘وجے بابو نے میرے ذاتی اور پیشہ ورانہ مسائل کے لیے میری بہت مدد کی لیکن اس کی آڑ میں میرا جنسی استحصال بھی کیا’۔انہوں نے پوسٹ میں یہ بھی لکھا ،‘میں انھیں فلم انڈسٹری میں کئی سالوں سے جانتی ہوں اور ہم نے ایک فلم میں ایک ساتھ کام کیا ہے ۔ اس دوران انہوں نے دوستی نبھا کر میرا اعتماد جیت لیا اور میری رہنمائی بھی کی کیونکہ میں اس شعبے میں نئی تھی’۔اس سے قبل منگل کو وجے بابو نے بھی اپنی فیس بک پوسٹ میں اداکارہ کے نام کا انکشاف کیا تھا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ایرناکلم ساؤتھ پولیس نے اداکارہ کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد فلمساز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ وجے بابو اس وقت بیرون ملک ہیں اور پولیس انھیں پوچھ گچھ کے لیے طلب کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ پولیس نے فیس بک پوسٹ میں اداکارہ کا نام ظاہر کرنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔