کراچی: قطر کے شہر دوحہ سے فلپائن کے شہر اینجلس سٹی کی پرواز نے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق پرواز کیو آر 926 قطر سے فلپائن جا رہی تھی کہ پاکستان کی فضائی حدود میں طیارہ کا ایک انجن بند ہو گیا تھا۔ سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 39 ہزار فٹ کی بلندی پر غیر ملکی طیارہ میں خرابی پیدا ہوئی، پائلٹ نے مے ڈے کی کال دی۔ ترجمان نے کہا کہ کراچی میں فوری ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی، اجازت ملنے کے بعد طیارہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بحفاظت لینڈ کر گیا۔ سی اے اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارہ میں سوار187 مسافروں کو لاؤنچ میں منتقل کر دیا گیا۔ غیر ملکی ایئر لائن کا متبادل طیارہ مسافروں کو فلپائن لے جانے کے لیے کراچی پہنچ گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خراب طیارہ کی مرمت کے لیے غیرملکی ایئر لائن کے انجینئرز کراچی پہنچے ہیں۔