منیلا /28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فلپائن میں 3 شدید زلزلوں کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہو گئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ہفتے کی صبح چند گھنٹوں کے دوران آنے والے طاقت ور زلزلوں نے ملک کے شمال میں واقع 2 انتہائی گنجان آباد جزائر کو ہلا کر رکھ دیا۔ زلزلے کے باعث ا?بنائے لوزون کے قریب واقع جزائر میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا، سیکڑوں مکانات تباہ ہوگئے اور شاہراہوں میں گہری دراڑیں پڑ گئیں ۔ حکام کے مطابق زلزلوں کی شدت 5.9، 5.7 اور 5.4 ریکارڈ کی گئی۔ طبی ذرائع کے مطابق اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں ۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے مطابق طبی اور امدادی ٹیموں کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں روانہ کیا جا چکا ہے جب کہ فوج کے اہل کار بھی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے زخمیوں کو نکالنے اور دیگر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ متاثرہ جزیرے بٹائنس کے حکام نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ زلزلے سے لکڑیوں اور پتھروں سے بنے کئی مکانات ٹوٹ گئے اور خوف کے باعث شہری گھروں سے نکل کر بھاگنے لگے۔ واضح رہے کہ اتبایات فلپائن کا ایک جزیرہ ہے جو بٹائنس صوبے کا حصہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس جزیرے پر ایک ہزار سے زائد افراد زلزلے سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اتبایات کی نصف آبادی ماہی گیروں پر مشتمل ہے جنہیں حکام نے زلزلے کے بعد آنے والے جھٹکوں کی وجہ سے گھر واپس نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔ اتبایات کے میئر رال سیگن نے مقامی ریڈیو کو بتایا کہ علاقے میں زخمیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
