فلپائن: ٹرک کے گڑھے میں گرنے سے8 افراد ہلاک، 15 زخمی

   

منیلا، 7 اگست (یو این آئی) جنوبی فلپائن کے صوبہ سلطان قدر ت میں ایک منی ڈمپ ٹرک کے گڑھے میں گرنے سے 8 افراد ہلاک اور دیگر 15 زخمی ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ منگل کے روز مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بج کر بیس منٹ پر پیش آیا، جب ٹرک لیبک قصبے میں ہائی وے پر ایک ڈھلان والے موڑ سے گزر رہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ٹرک کے بریکس فیل ہو گئے جس کے سبب وہ زیر تعمیر سڑک کے کنکریٹ ملبے سے ٹکرا گیا اور پھر گڑھے میں جا گرا۔ ایمرجنسی عملے نے زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا جہاں آٹھ افراد کو مردہ قرار دیا گیا۔

چین : زمین کھسکنے سے دو افراد کی موت
گوانگژو، 7اگست (یو این آئی) جنوبی چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ کی راجدھانی گوانگژو میں طوفانی بارش کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے 14 افراد ملبے میں دب گئے ۔یہ حادثہ بدھ کی صبح اس وقت پیش آیا جب گوانگژو میں طوفانی بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔مقامی حکام نے بتایا کہ جمعرات کی صبح نو بجے تک امدادی کارکنوں نے ملبے سے نو افراد کو نکال لیا ہے جن میں سے دو افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے ۔ جبکہ پانچ افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ تلاشی کارروائیاں جاری ہیں اور ملبے سے لاپتہ افراد کو نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔