فلک نما برج کا ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے افتتاح کیا

   

میئر وجیہ لکشمی، اسداویسی، انیل کمار یادو اور عوامی نمائندوں کی شرکت
حیدرآباد 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آج فلک نما آر او بی کا افتتاح کیا۔ اِس موقع پر خطاب میں اُنھوں نے کہاکہ حکومت پرانے شہر کی ترقی کیلئے عہد کی پابند ہے۔ بنیادی سہولتیں فراہم کرنے حکومت سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ میئر حیدرآباد وجیہ لکشمی، رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسدالدین اویسی، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، ارکان کونسل مرزا ریاض الحسن آفندی، مرزا رحمت بیگ، ارکان اسمبلی محمد مبین، میر ذوالفقار علی، جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن، زونل کمشنر چارمینار سرینواس ریڈی و مقامی کارپوریٹرس بھی موجود تھے۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ ٹریفک مسائل کو حل کرنے جی ایچ ایم سی کی سکندرآباد ۔ فلک نما براڈ گیج لائن پر 52.03 کروڑ روپئے کے مصارف سے روڈ اوور برج تعمیر کیا گیا ہے۔ اِس برج کی تعمیر کے بعد مقامی عوام کو ٹریفک مسائل سے راحت حاصل ہوگی۔ اِس سے پہلے برج سے متصل برج کافی چھوٹا محسوس ہورہا تھا لیکن اب اِس برج کی تعمیر کے بعد ٹریفک کے مسائل بڑی حد تک حل ہوجائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس برج کے عوام کیلئے کھولے جانے کے بعد بارکس جنکشن سے فلک نما بس ڈپو، ریلوے اسٹیشن، چارمینار جانے والی ٹریفک کو آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ برج کی تعمیر سے قبل عوام کو گھنٹوں ٹریفک مسائل سے گزرنا پڑرہا تھا۔ اب یہ مسئلہ حل ہوچکا ہے۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ ریونت ریڈی حکومت پرانے شہر کو اصل شہر تصور کرتی ہے۔ ترقی کے معاملہ میں نئے اور پرانے شہر میں کوئی فرق محسوس نہیں کیا جائیگا بلکہ شہر کو عالمی سطح پر ترقی دینے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ پرانے شہر کے جو بھی مسائل ہیں اُسے حل کرنے میں کانگریس حکومت سنجیدہ ہے۔2