فلک نما میں دن دہاڑے نوجوان کا قتل

   

حیدرآباد 2 مئی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے فلک نما میں ایک نوجوان کا قتل کردیا گیا۔ دن دہاڑے پیش آئی قتل کی واردات سے سنسنی پھیل گئی۔ بیچ بازار پان کی دوکان سے طلب کرکے ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا اور نوجوان کا قتل کردیا گیا۔ پرانے شہر میں اندرون 2 ہفتے قتل کی یہ دوسری واردات ہے۔ قتل کی اطلاع پر پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موقع واردات پہونچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ مقتول کی شناخت 27 سالہ محمد ماجد کی حیثیت سے کی گئی جو پان شاپ چلایا کرتا تھا۔ ذرائع کے مطابق ماجد آج بعد نماز جمعہ اپنی شاپ پر موجود تھا اور دوکان پر گاہک موجود تھے کہ اس دوران دو افراد آئے اور ماجد کو دوکان سے باہر طلب کیا، ماجد جیسے ہی دوکان سے باہر آیا، اس پر چاقوؤں سے حملہ کردیا گیا جس کے نتیجہ میں ماجد برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ حملہ آور فرار ہوگئے۔ اے سی پی فلک نما ڈیویژن عبدالجاوید نے بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت شروع کردی گئی ۔ انھوں نے بتایا کہ موقع واردات پر کلوز ٹیم کو طلب کرکے شواہد جمع کئے گئے اور تحقیقات جاری ہے۔ تاہم حملہ کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا۔ ماجد قتل کیس نے پرانے شہر میں پھر پولیس کی چوکسی پر سوالیہ نشان لگادیا ۔ بڑے پیمانہ پر پولیس میں ردوبدل کے دوسرے دن پرانے شہر میں نوجوان کا قتل پولیس کی چوکسی اور مستعدی پر سوال اُٹھا رہا ہے۔ فلک نما پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ع