تحقیقات کے نام پر طلب کرکے تھرڈ ڈگری استعمال کرنے کی شکایت ۔ مقامی عوام کا احتجاج
حیدرآباد : /27 مارچ (سیاست نیوز) فلک نما پولیس اسٹیشن کے قریب آج اس وقتی ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی جب ایک نوجوان کو مبینہ طور پر وہاں کے پولیس عملہ نے کیس کی تحقیقات میں طلب کرکے شدید زدکوب کیا ۔ تفصیلات کے مطابق /25 مارچ کو تیگل کنٹہ ایس ایس میڈیکل ہال کے قریب سید رضوان ، اویس اور جنید کے درمیان چکن کے کاروبار کی رقمی لین دین پر جھگڑا ہوا تھا ۔ جنید نے دواخانہ میں طبی معائنہ کرانے کے بعد پولیس میں شکایت درج کروائی تھی جس پر فلک نما پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر جی راجیشور ریڈی نے مقدمہ درج کیا تھا ۔ تحقیقات کے سلسلہ میں گزشتہ تین دنوں سے سید رضوان ، جنید اور دیگر کو طلب کیا جارہا تھا جس کے نتیجہ میں آج رضوان اپنے دوستوں کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہونچا ۔ اس سے کڑی تفتیش کی گئی ۔ الزام عائد کیا گیا کہ سب انسپکٹران راجیشور ریڈی اور ایم ڈی حسینہ نے تحقیقات کے نام پر پولیس اسٹیشن میں تھرڈ ڈگری کا استعمال کرکے شدید زدوکوب کیا جس کے نتیجہ میں رضوان احاطہ پولیس اسٹیشن میں بیہوش ہوگیا ۔ اس نوجوان کو فوری مقامی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دی ۔ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے تیگل کنٹہ کی مقامی عوام پولیس اسٹیشن پہنچ کر پولیس کی سختی اور زدکوب پر عہدیداروں سے شکایت کی ۔ فلک نما انسپکٹر ای جنگیا نے وضاحت کی کہ سید رضوان کے خلاف جنید پر حملہ کرکے زخمی کرنے کا کیس درج کیا گیا تھا اور تحقیقات کیلئے آج پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا تھا ۔ کسی پولیس عہدیدار نے نوجوان کو زدوکوب نہیں کیا ۔ب