فلک نما ڈپو کے عقب میں300 سالہ تاریخی باؤلی کو بحال کرنے کا فیصلہ

   

حیدرآباد۔11۔مئی۔ (سیاست نیوز) فلک نما بس ڈپو کے عقب میں واقع 300 سالہ قدیم تاریخی باؤلی کی تزئین نو و آہک پاشی کی جائے گی اور سیڑھیوں اور کمانوں پر مشتمل باؤلی کو سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے بنسی لعل پیٹ کی سڑھیوں کی باؤلی کو ترقی دینے اور اسے سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے میں کامیابی کو دیکھتے ہوئے ایچ ایم ڈی اے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے فیصلہ کیا ہے کہ پرانے شہر کے علاقہ فلک نما میں موجود اس قدیم تاریخی باؤلی جس کے متعلق یہ دعویٰ کیا جا رہاہے کہ اس باؤلی کو دور آصفیہ میں فلک نما کی تعمیر کے بعد شاہی سوئمنگ پول کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا اس کی تزئین نو اور آہک پاشی کے ذریعہ اس کی خوبصورتی کو بحال کیا جائے گا۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن‘ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ تالابوں اور باؤلیوں کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم SAHEکے ذمہ داروں نے فلک نما کی اس باؤلی کا دورہ کرتے ہوئے مشاہدہ کیا اور اس کے ترقیاتی کاموں کیلئے غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ معاہدہ کو قطعیت دی۔ بتایاجاتا ہے کہ حیدرآبادمیٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذمہ داروں سے تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد قطعیت دیئے گئے اس معاہدہ کے مطابق جلد ہی اس باؤلی کی ترقی کے اقدامات کا آغاز کیا جائے گا اور اس میں موجود کمانوں اور سیڑھیوں کو بہتر بنانے کے علاوہ پانی کی صفائی و دیگر امور انجام دیئے جائیں گے۔فلک نما کے دامن میں موجود اس قدیم باؤلی کی آہک پاشی و تزئین نو کے اقدامات اور اس کے ساتھ اسے سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے اقدامات علاقہ میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ کا سبب بن سکتا ہے۔