فوج نے سکم میں پھنسے 150 سیاحوں کو بچایا

   

دارجلنگ، 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سکم میں شدید برفباری کی وجہ سے لاچونگ میں پھنسے 150 سے زائد سیاحوں کو فوج نے بچا لیا۔ ٹھیک دس دن قبل ہی فوج نے ناتھولا، سانگو اور دیگر مقامات پر تقریباً 3000 سیاحوں کو بچایا تھا۔چین کی سرحد کے پاس لاچُنگ 2700 میٹر کی اونچائی پر واقع پہاڑی گاؤں ہے جہاں بھوٹیا اور تبتی افراد آباد ہیں۔ سکم کی راجدھانی گنگٹوک سے اس گاؤں کی دوری 100 کلو میٹر سے زیادہ ہے ۔ گذشتہ روز دوپہر کے بعد اس مشہور سیاحتی مقام پر شدید برفباری ہوئی اور درجۂ حرارت صفر سے نیچے چلا گیا، جس میں سیاح بھی پھنس گئے ۔ راحت اور بچاؤ کے کام کے افسران نے بتایا کہ محض دو گھنٹے کے اندر پوری لاچونگ گھاٹی مکمل کٹ گئی اور ہر طرح کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ سیاح جن کے پاس موسم خراب ہونے کی صورت میں زندہ رہنے کے لیے ضروری سازوسامان تک نہیں تھے ، مصیبت میں پڑ گئے اورانھیں فوری مدد کی ضرورت تھی۔ فوج کی تِری شکتی کور کی ٹکڑیاں فوراً حرکت میں آئیں اور ‘کوئک ری ایکشن ٹیموں’ اور اپنے طبی اہلکاروں کے ساتھ گاڑیوں سے پھنسے سیاحوں کا پتہ لگانے کا کام شروع کیا۔ ان کا پتہ لگانے کے بعد، فوج نے پہلے انھیں طبی سہولت فراہم کی اور انھیں قریب کے فوجی کیمپوں میں پہنچایا۔