مہلوک سپاہیوں کے پسماندگان کی امداد میں چار گنا اضافہ
نئی دہلی ۔ 5 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سرکاری طور پر بتایا گیا ہے کہ فوج کے طویل عرصہ سے التواء میں پڑے ہوئے مطالبہ پر دھیان دیتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حالت جنگ میں ہلاک ہونے والے سپاہی کے لواحقین کو دی جانے والی مالی امداد کو دو لاکھ سے بڑھاکر8 لاکھ روپئے کردینے کو اصولی طور پر منظوری دے دی ۔ مذکورہ بیان میں کہا گیا کہ یہ مالی امداد فوج کے حالت جنگ میں ہ لاک ہونے والے سپاہیوں کے ویلفیر فنڈ (اے بی سی ڈبلیو ایف) کے تحت دی جائے گی ۔ فی الحال جنگ میں ہلاک ہونے والوں کے پسماندگان کو دو لاکھ دیئے جاتے تھے اور 60 فیصد یا اس سے زیادہ زخمی ہونے والوں یا اپاہج ہونے والوں کو اور اس سسٹم کے دیگر زمرہ جات کو بھی امداد دی جاتی تھی ۔ یہ امداد فراخدلانہ خاندانی پنشن کے علاوہ ہے۔ اس سے ہٹ کر فوج کے بیمہ گروپ آرمی ویلفیر فنڈ وغیرہ سے بھی مہلوک کے ورثہ کو امداد دی جاتی ہے ۔ اے بی سی ڈبلیو ایف کا قیام ایکس سرویس مین ویلفیر (ESW) کے تحت عمل میں آیا تھا ۔ فروری 2016 ء میں سیاچن میں برفانی طوفان میں 10 سپاہیوں کے دفن ہوکر مرجانے کے بعد مہلوک سپاہیوں کے وارثین کو عوامی مالی امداد کے پیش نظر قائم کیا گیا تھا ۔ راج ناتھ سنگھ نے نیم فوجی دستوں کیلئے وزیر خارجہ کی حیثیت سے ’’بپارت کے ویر‘‘ فنڈ قائم کیا تھا۔