نئی دہلی : مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے آج یوم جمہوریہ پر دہلی کے مختلف مقامات پر کسانوں کے پرتشدد احتجاج کا نوٹ لیا اور حالات کا جائزہ لینے ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں معتمد داخلہ اجئے بھلا، ڈائرکٹر انٹلی جنس بیورو اور دہلی پولیس کے سینئر عہدیدار شریک ہوئے۔عہدیداروں نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہلی میں امن کی بحالی اور لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے اضافی نیم فوجی دستے تعینات کردیئے جائیں ۔ بتایا گیا کہ دہلی کے حساس مقامات سے اضافہ دستوں کو متحرک کیا جائے گا ۔ پہلے سے تقریباً 4500 ملٹری پرسونل یوم جمہوریہ سے قبل لا اینڈ آرڈر کی ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں ۔ اِس درمیان این سی آر ریجن کے کئی حصوں میں انٹرنیٹ سرویس معطل کردی گئی ۔ حکام نے جیسے ہی دیکھا کہ دارالحکومت میں کسانوں کا احتجاج پرتشدد شکل اختیار کرگیا ، انٹرنیٹ سرویس پر روک لگادی گئی ۔