فون ٹیاپنگ اسکام کیس: پولیس اور میڈیا کو ہائی کورٹ کی ہدایت

   

تحمل سے کام لینے اور متاثرین کے نام اور تفصیلات برسر عام نہ کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔/10 جولائی ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے فون ٹیاپنگ اسکام کے معاملہ میں پولیس اور میڈیا کو پابند کیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور اوور ایکشن سے گریز کریں۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے فون ٹیاپنگ اسکام کی تحقیقات کے معاملہ میں آج سماعت کے دوران اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ افراد کی نجی زندگی میں مداخلت کرتے ہوئے غیر ضروری الجھن پیدا کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔ ہائی کورٹ جج اور ان کے افراد خاندان کے نام کا انکشاف نہ کرنے کی پولیس اور میڈیا کو ہدایت دی گئی۔ عدالت نے کہا کہ فون نمبرس اور فوٹوز کو برسر عام نہ کیا جائے۔ ہائی کورٹ نے اس معاملہ میں آئندہ سماعت 23 جولائی کو مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ سابق بی آر ایس دور حکومت میں سیاسی قائدین کے علاوہ بعض ججس کے ٹیلی فون ٹیاپ کرنے کا انکشاف ہوا جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ حکومت نے جوابی حلفنامہ داخل کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ اسکام کی جانچ جاری ہے اور بعض پولیس عہدیداروں کے ٹیلی فون بھی ٹیاپ کئے گئے۔ عدالت نے میڈیا کو ہدایت دی کہ وہ رپورٹنگ کے معاملہ میں تحمل کا مظاہرہ کرے۔ عدالت نے فون ٹیاپنگ کے شکار افراد کے ناموں، ان کے رشتہ داروں کے نام، فون نمبرس اور تصاویر کو برسر عام نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی کی انفرادی زندگی میں مداخلت نہ کی جائے۔1