فٹ بوڈنگ روکنے کے لئے کمشنر پولیس بس میں چڑھ گئے

   

حیدرآباد،25ستمبر (یو این آئی)بسوں میں فُٹ بوڈنگ کے نتیجہ میں ہونے والے خطرناک حادثات کی روک تھام کے نئے قدم کے حصہ کے طورپر کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت، ایل بی نگر چوراہا پر پُر ہجوم بس میں چڑھ گئے جس سے بس مسافرین حیرت زدہ ہوگئے ۔انہوں نے فٹ بو ڈنگ کرنے والے طلبہ اور دیگر مسافرین کی نشاندہی کی اور ان کو بس سے نیچے اتار دیا۔بعد ازاں انہوں نے ان افراد کی کونسلنگ کی اور بس ڈرائیور کو مشورہ دیا کہ وہ طلبا اور دیگر کو فٹ بوڈنگ کی اجازت نہ دیں۔انہوں نے نوجوانوں کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ فٹ بوڈنگ کے نتیجہ میں کئی خطرناک حادثات پیش آچکے ہیں۔مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام ضروری ہے ۔عوام بشمول طلبہ اور مختلف گروپس نے کمشنر پولیس کے اس قدم کی ستائش کی۔اس موقع پر کمشنر پولیس نے کہا کہ کئی ایسے واقعات پیش آچکے ہیں جس میں فٹ بوڈنگ کرنے والے نوجوان بالخصوص کالج جانے والے طلبہ ابراہیم پٹنم میں زخمی ہوئے ہیں۔بس میں مناسب جگہ دستیاب ہونے کے باوجود طلبہ، بس کی سیڑھیوں پر ٹہر کر فٹ بوڈنگ کرتے ہیں جو ان کے لئے خطرناک ہے کیونکہ وہ چلتی بس سے گر سکتے ہیں۔اسی لئے ان کی کونسلنگ کی گئی۔رچہ کنڈہ ٹریفک پولیس نے ایل بی نگر تا ابراہیم پٹنم کے مختلف علاقوں کی نشاندہی کی جہاں فٹ بوڈنگ کی جاتی ہے ۔