18 اکتوبر تک گھر گھر ویریفکیشن، چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔5۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی نے فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم سے استفادہ کرنے عوام سے اپیل کی ہے۔ حیدرآباد میں آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر نے فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کا شیڈول جاری کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 20 اگست سے مہم کا آغاز ہوچکا ہے اور 18 اکتوبر تک یہ مہم جاری رہے گی۔ اس مدت کے دوران بوتھ سطح کے عہدیدار گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں کی شناخت کریں گے۔ پولنگ اسٹیشنوں کے از سر نو انتخاب کے علاوہ فوٹو شناختی کارڈ میں خامیوں کو دور کیا جائے گا۔ سدرشن ریڈی نے بتایا کہ اس مہم کے دوران فوٹو شناختی کارڈ کی تصاویر کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ پولنگ اسٹیشنوں کے حدود کا تعین کیا جائے گا۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق 19 اکتوبر تا 28 نومبر فہرست رائے دہندگان کا مسودہ تیار کیا جائے گا ۔ 29 اکتوبر کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائے گا اور 28 نومبر تک اعتراضات اور دعوے قبول کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کے ایام میں اعتراضات کی یکسوئی کی خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ سدرشن ریڈی کے مطابق 24 ڈسمبر تک تمام دعوؤں اور اعتراضات کی یکسوئی کردی جائے گی۔ یکم جنوری 2025 تک فہرست رائے دہندگان میں نقائص کا آخری مرحلہ میں جائزہ لیتے ہوئے 6 جنوری 2025 کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ایسے نوجوان جن کی عمر 18 سال ہوچکی ہے اور جن کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل نہیں ہیں ، وہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے نام کی شمولیت کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ 1