ہائی کورٹ میں کانگریس قائد فیروز خاں کی درخواست، نامپلی میں بوگس ناموں کی شکایت
حیدرآباد 13اکتوبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے تلنگانہ ہائی کورٹ کو اطلاع دی کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت یا کسی طرح کی تبدیلی کیلئے اکتوبر کے اختتام تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے وکیل اویناش دیسائی نے چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس این شراون کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ کو بتایا کہ فہرست رائے دہندگان کی اشاعت کے باوجود ناموں کی شمولیت کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی سہولت موجود ہے۔ چیف جسٹس کے اجلاس پر کانگریس قائد محمد فیروز خاں نے درخواست داخل کی جس میں فہرست رائے دہندگان میں بوگس ناموں کی موجودگی کی شکایت کی گئی ۔ فیروز خاں نے 2019 ء میں حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کیا تھا ۔ درخواست گزار نے نامپلی اسمبلی حلقہ کی فہرست پر خصوصی نظرثانی کی اپیل کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے الزام عائد کیا کہ فہرست میں کئی خامیاں موجود ہیں۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ 4 اکتوبر کو قطعی فہرست رائے دہندگان کی اشاعت سے قبل الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر نے نظرثانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 نومبر کو پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ تک فہرست میں ترمیم کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تبدیلی کیلئے 10 دن قبل درخواستیں داخل کرنی چاہئے ۔ عدالت نے کہا کہ اگر درخواست گزار مقررہ وقت پر فہرست پر نظر ثانی کیلئے رجوع ہوں تو الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کو قانون کے مطابق کام کرنا چاہئے تاکہ دوبارہ عدالت کو مداخلت کی ضرورت نہ پڑے۔ چیف جسٹس نے اس ہدایت کے بعد درخواست کی یکسوئی کردی۔ فیروز خاں کی جانب سے شکایت کی گئی ہے کہ نامپلی اسمبلی حلقہ میں 10473 متوفی افراد کے نام فہرست میں موجود ہیں جبکہ بوگس ووٹرس کی تعداد 34867 ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ میں تقریباً 1.13 لاکھ ووٹرس کے ناموں کو حذف کرنے کی ضرورت ہے۔
آندھراپردیش میں ڈی ایس سی کا جلد انعقاد
حیدرآباد /13 اکٹوبر ( سیاست نیوز) آندھراپردیش کے وزیر تعلیم بوتسا ستیہ نارائنا نے کہا کہ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی بہت جلد ڈی ایس سی کے انعقاد کا فیصلہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایس سی کی انعقاد کیلئے مشاورت شروع کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایس سی کے بعد ٹیٹ کا انعقاد بھی عمل میں آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 3200 تدریسی عملہ کا جلد تقرر کیا جائے گا ۔