فیس ری ایمبرسمنٹ اور اوورسیز اسکالرشپ کے بقایاجات جاری کرنے پر زور

   

اقامتی اسکولوں میں ڈراپ آؤٹ میں اضافہ، اقلیتی اداروں میں اسٹاف کی کمی،بجٹ کی اجرائی ضروری، اقلیتی بہبود کمیٹی کی سفارش

حیدرآباد، 25 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کی اقلیتی بہبود کمیٹی کا اجلاس آج اسمبلی کے کمیٹی ہال میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے صدرنشین لکشمی کانت راؤ نے اجلاس کی صدارت کی، جبکہ کمیٹی کے ارکان اکبرالدین اویسی، لکشما ریڈی، میگھا ریڈی اور ریاض الحسن آفندی نے شرکت کی۔ اجلاس میں اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت چلنے والے اداروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے فلاحی اسکیمات کے بجٹ کی اجرائی، اقامتی اسکولوں کی صورتحال بہتر بنانے ، فیس ری ایمبرسمنٹ اور اوورسیز اسکالرشپ کی اجرائی کی سفارش کی ہے۔ اجلاس میں اقلیتی بہبود کی اسکیمات کے لیے محکمہ فینانس کی جانب سے بجٹ کی عدم اجرائی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کمیٹی نے اقلیتی اقامتی اسکولوں میں طلبہ کی گھٹتی تعداد پر تشویش ظاہر کی۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اقامتی اسکولوں میں طلبہ کی تعداد کو بہتر بنانے کے اقدامات کرے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو ناشتہ، دوپہر کا کھانا، مفت کتابیں اور ڈریس کی سربراہی جیسی سہولتوں کے نتیجے میں طلبہ اقامتی اسکولوں میں قیام سے گریز کر رہے ہیں۔ زیادہ تر طلبہ اقامتی اسکولوں کو ترک کرتے ہوئے سرکاری اسکولوں سے خود کو وابستہ کر رہے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں ڈراپ آؤٹ کا فیصد بیس تک پہنچ چکا ہے۔ مجلس کے فلور لیڈر اکبرالدین اویسی نے تجویز پیش کی کہ طلبہ کو مکان کی منتقلی کی صورت میں قریب کے اقامتی اسکول میں داخلے کی ترغیب دی جائے تاکہ داخلوں کی تعداد کو برقرار رکھا جا سکے۔ اکبرالدین اویسی نے اقلیتی بہبود کے بجٹ کی اجرائی کے سلسلے میں عہدیداروں کی جانب سے پیش کیے گئے اعداد و شمار سے اختلاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیدار بجٹ کی اجرائی کے اعداد و شمار پیش کرتے ہیں جبکہ حقیقی اجرائی عمل میں نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اقلیتی بہبود کی اسکیمات کے لیے بجٹ جاری کیا جانا چاہیے ، بجائے اس کے کہ کنٹراکٹرز کے بقایہ جات جاری کیے جائیں۔ اکبر اویسی نے پرانے شہر میں اقلیتی طلبہ کے لیے کوچنگ پروگراموں کے آغاز کی سفارش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پرانے شہر میں اقلیتوں کی خاصی آبادی ہے ، لہٰذا کوچنگ پروگرام شروع کیے جائیں۔ انہوں نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے لیے بجٹ ضائع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیس ری ایمبرسمنٹ کی عدم اجرائی کے نتیجے میں طلبہ کے سرٹیفکیٹس کو کالجس کی جانب سے روک لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیس ری ایمبرسمنٹ کے بقایہ جات کی اجرائی کے ذریعے طلبہ کو راحت پہنچائی جانی چاہی۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات کے لیے بجٹ کی اجرائی کے بجائے ترجیحی بنیادوں پر کنٹراکٹرس کے بقایہ جات ادا کیے جا رہے ہیں۔ اکبر اویسی نے پرانے شہر میں کوچنگ پروگراموں کے آغاز کی تجویز پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پرانے شہر میں اقلیتوں کی قابلِ لحاظ آبادی ہے ، اور طلبہ کے لیے مختلف مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کا اہتمام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کوچنگ کے اہتمام کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اکبر اویسی نے فیس ری ایمبرسمنٹ اور اوورسیز اسکالرشپ کے بقایہ جات کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیس ری ایمبرسمنٹ کی عدم اجرائی کے نتیجے میں طلبہ کو کالجس سے سرٹیفکیٹس کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بقایہ جات کی اجرائی کے ساتھ کالجس کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ طلبہ کے سرٹیفکیٹس نہ روکیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے اوورسیز اسکالرشپ کے بقایہ جات جاری نہیں کیے گئے ، جس کے نتیجے میں بیرونی یونیورسٹیز میں زیرِ تعلیم طلبہ پریشان ہیں۔ انہوں نے شادی مبارک کے لیے جاری کردہ اضافی بجٹ کو اقلیتی اسکیمات کے لیے منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔مائناریٹی فینانس کارپوریشن کی ٹریننگ اینڈ امپلائمنٹ اسکیم پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اکبر اویسی نے کہا کہ اس اسکیم کے لیے بجٹ کو ضائع کیا جا رہا ہے۔ اقلیتی کمیٹی کے صدرنشین نے تیقن دیا کہ کمیٹی کی سفارشات حکومت کو پیش کی جائیں گی تاکہ ان پر عمل کیا جا سکے۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں اقلیتی بہبود کے علاوہ وقف بورڈ کے امور پر غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس میں ارکان نے اقلیتی بہبود کے اداروں میں اسٹاف کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکیمات پر عمل آوری اور اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے درکار اسٹاف کے تقررات کیے جائیں۔ ارکان نے ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیئر آفیسرز کے عہدوں پر مستقل عہدیداروں کی تعیناتی پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف محکمہ جات سے ڈیپوٹیشن پر ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیئر آفیسرز کی خدمات کو حاصل کیا گیا ہے اور وہ اقلیتوں کے امور کی تکمیل سے قاصر ہیں۔ اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، سیکریٹری بی شفیع اللہ کے علاوہ مختلف اقلیتی اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی۔1