بھوپال : مدھیہ پردیش میں فیس کا مطالبہ کرنے پر دو طلبا نے اپنے سابق استاد کو گولی مار کر اسے شدید زخمی کر دیا۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق زخمی استاد کی شناخت گروار سنگھ کے نام سے ہوئی جس پر اس کے دو سابق طالب علموں نے حملہ کیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمین نے گروار سنگھ کو فون کر کے ایک مقام پر بلایا اور پھر دونوں موٹر سائیکل پر وہاں پہنچ گئے۔ ملزمین نے پہلے سابق استاد سے حال احوال پوچھا اور پھر گولی مار کر فرار ہوگئے۔گروار سنگھ کو پیٹ پر گولی ماری گئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمین نے 3 سال قبل گروار سنگھ کے سنٹر میں داخل لیا تھا، ان سے جب بھی فیس کا مطالبہ کیا جاتا وہ کوئی نہ کوئی بہانہ بنا دیتے، ایک دن تنگ آکر دونوں کو سنٹر سے نکال دیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ سنٹر سے نکالنے جانے پر ملزمین نے گروار سنگھ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اسپتال میں زیرِ علاج گروار سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملزمین نے گولی چلانے سے قبل مجھ سے خیریت دریافت کی، میں بات چیت میں مصروف تھا کہ ان میں سے ایک نے گولی چلا دی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ طلبا نے مجھ پر حملہ کیوں کیا؟ پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔