فیض عام ٹرسٹ سے ماہ رمضان المبارک میں 3500 سے زائدخاندانوں کی مدد

   

سات سو سے زائد طلباء و طالبات کی کفالت، ہزاروں طلباء کا استفادہ
حیدرآباد ۔ 28 مارچ (سیاست نیوز) خدمت خلق سب سے بڑی عبادت ہے۔ خاص طور پر یتیم و یسیر بچوں، ضرورتمند خاندانوں اور مستحق طلباء و طالبات کے ساتھ ساتھ نادار دختران ملت کی مدد انسان کے درجات بلند کرنے کا باعث بنتی ہیں اور وہ لوگ خوش نصیب ہیں جو اس طرح کے کارخیر کا کسی نہ کسی طرح حصہ بن جاتے ہیں۔ ایسی ہی شخصیتوں میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان، نیوزایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین، ان کے رفقاء اور سیاست ملت فنڈ و فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان شامل ہیں جنہوں نے ماہ رمضان المبارک میں جی بھر کر اللہ عزوجل کی رحمتیں، برکتیں حاصل کیں۔ فیض عام ٹرسٹ کے سکریٹری جناب افتخار حسین کی نگرانی میں ماہ رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں کی مدد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ ٹرسٹ کی جانب سے 3500 سے زائد خاندانوں میں راشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ یہ راشن کٹس چاول، آٹا، تیل، دالوں، کھجور، نمک، مرچ پاؤڈر، ہلدی پاؤڈر وغیرہ پر مشتمل تھیں جبکہ ہر روز مختلف علاقوں میں دیڑھ سو سے زائد روزہ داروں کیلئے افطار اور کھانا کا انتظام کیا گیا۔ یتیم و یسیروں اور معذورین اور بیواؤں میں عید کے کپڑوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ مالی مدد کی گئی۔ فیلڈ آفیسر فیض عام ٹرسٹ محمد اعظم خان کے مطابق ماہ رمضان المبارک میں مذکورہ کارخیر پر تقریباً 50 لاکھ روپئے خرچ کئے گئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے 700 سے زائد طلباء و طالبات کی کفالت کی جارہی ہے جن میں کے جی سے لیکر پی جی کے طلباء و طالبات شامل ہیں۔ جناب افتخار حسین کے مطابق اب تک ہزاروں طلباء و طالبات کی کفالت کی گئی اور آج ان میں سے بے شمار لڑکے لڑکیاں پائلٹ، ڈاکٹرس، انجینئرس، چارٹرڈ اکاونٹنٹ، بزنس ایڈمنسٹریشن ماہرین، پیرامیڈیکل کورسس کے ماہرین اور ٹیچرس بن کر خوشحال زندگی گذار رہے ہیں۔ بی بی آمنہ ملی ہاسپٹل چندرائن گٹہ میں ہر دو تین ماہ میں 20 تا 30 لڑکیوں کو نرسنگ کورسس کروایا جاتا ہے۔ اسی طریقہ ہر ماہ 35 تا 40 بی پی اور شوگر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔ ایسے ہی ڈاکٹر متین الجبار کمپیوٹر سنٹر میں 30 لڑکے لڑکیوں کو مفت میں کمپیوٹر کورسس کروائے جاتے ہیں جبکہ عائشہ آفندی SIAFAT انسٹیٹیوٹ میں موبائل ٹیکنیشن، سی سی ٹی وی انسٹالیشن اور ایل ای ڈی کی تیاری سکھائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ محبان انجمن اہلیت مشیرآباد میں مہندی ڈیزائننگ ٹریننگ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ وارانسی کے ایک اسکول میں جو مولانا سید محمد عاقل کی نگرانی میں کام کرتا ہے اساتذہ کی تنخواہیں مہیا کرتے ہیں۔ فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے ہر ماہ بنا ناغہ بیواؤں، معذورین، ڈائیلاسیس پیشنٹ، عمر رسیدہ لوگوں کی مالی مدد کی جاتی ہے۔ فیض عام ٹرسٹ کی اس مہم میں سید عبدالستار، محمد اعظم خان، شیخ اکرم، عشرت سلطانہ، سمیہ یاسمین، محمد سمیر، عامر خالد، وینکٹیش پرساد اور مسٹر کرن نے اہم کردار ادا کیا۔