فینسی نمبرات کی مانگ سے حکومت کی آمدنی میں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ جوائنٹ کمشنر پانڈو رنگا نائیک کا نمائندہ سیاست کو انٹرویو

حیدرآباد: گاڑیوں کے رجسٹریشن میں فینسی نمبرات کی مانگ میں بے انتہا اضافہ سے حکومت کی آمدنی میں بھی اضافہ دیکھا گیا ۔ جاریہ سال بڑے پیمانے پر فینسی نمبرات کی آن لائن بلنگ سے حکومت کو فائدہ ہوا جبکہ رجسٹریشن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ9999 نمبر 17 لاکھ روپئے ادا کرتے ہوئے ایک فلم اسٹار نے حاصل کیا۔ ان خیالات کا اظہار روڈ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ تلنگانہ کے جوائنٹ کمشنر مسٹر پانڈو رنگا نائیک نے سید جلیل ازہر کو اپنے چیمبر میں ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ مسٹر نائیک نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں حادثات کی روک تھام اور شعور بیداری کے لئے کئی ایک پروگرام مختلف اضلاع میں منعقد کرتے ہوئے زندگیوں کے تحفظ کے لئے بار بار ہیلمٹ کے استعمال اور گاڑیوں کے دستاویزات بنالینے کیلئے گاڑی مالکین بالخصوص موٹر سیکل راں کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے محکمہ کی جانب سے تمام عہدیدار متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرپرستوں پر بھی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کم عمری میں بغیر لائسنس کے گاڑیاں چلانے نہ دیں۔ ساتھ ہی نوجوانوں کو بھی چاہیئے کہ وہ بالخصوص تیز رفتار گاڑیوں سے پرہیز کریں کیونکہ جانے والوں کی جان حادثات میں چلی جاتی ہے لیکن سرپرستوں اور والدین پر کیا گزرتی ہے اس کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔ آج عوام کو لائسنس تیار کرنے کیلئے قطاروں میں دفاتر کے پاس انتظار کی ضرورت نہیں رہی جبکہ فینسی نمبرس کے لئے بھی حکومت نے آن لائن کی زبردست سہولت پہنچائی ہے جس سے راست امیدوار اپنی پسند کا نمبر اور اپنے لائسنس کی تیاری کیلئے استفادہ کرسکتے ہیں۔ آخر میں پھر ایک بار مسٹر پانڈو رنگا نائیک نے تمام نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کے ساتھ تمام دستاویزات رکھیں اور تیز رفتار گاڑی نہ چلائیں۔ زندگی کی اہمیت اور اپنے سرپرستوں کی فکر کریں۔