فیور ہاسپٹل کے دو ملازمین کورونا سے فوت

   

طبی عملہ میں وائرس کے واقعات میںاضافہ ‘ ڈاکٹرس میں تشویش
حیدرآباد: شہر کے سرکاری ہاسپٹلس میں ڈاکٹرس اور نیم طبی عملے کے کورونا سے متاثر ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ ریاست میں تاحال 600 سے زائد طبی عملہ کورونا سے متاثر ہوا ۔ تاہم فیور ہاسپٹل میں دو ملازمین کورونا سے فوت ہوچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 45 سالہ وارڈ بوائے اور 40 سالہ واشر مین کورونا سے جانبر نہ ہوسکے۔ ان سے قبل ٹی بی اور چیسٹ ہاسپٹل کی دو خاتون ملازمین کورونا سے فوت ہوئی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہاسپٹل کے حکام نے مرکز کی جانب سے اعلان کردہ 50 لاکھ روپئے ہیلت انشورنس سے ملازمین کو مستفید کرنے کیلئے درخواست دی ہے ۔ ہاسپٹل کے 4 لیاب ٹیکنیشن اور دو ڈاکٹرس پہلے ہی کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ کیسیس میں اضافہ کے سبب ڈاکٹرس اور طبی عملہ میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ایک شخص کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد ایک ملازم میں کورونا وائرس کی کی علامت منظر عام پر آئیں۔ لیاب ٹیکنیشن اور دیگر عملہ کو پی پی ای کٹس اور دیگر ضروری حفاظتی آلات فراہم کئے جارہے ہیں۔